ملک میں پہلی بار حکمرانوں کے بجائے قومی خزانے کی آمدنی بڑھ رہی ہے فردوس عاشق

معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہیں، معاون خصوصی

وزیر اعظم نےٹیکس وصولی کو قومی تحریک کی شکل دی، فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملک میں پہلی بار حکمرانوں کے بجائے قومی خزانے کی آمدنی بڑھ رہی ہے۔



اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں گزشتہ سال کے 509 ارب کے مقابلے میں580 ارب روپے ٹیکس جمع کیا۔ ایف بی آر میں 6 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کا اضافہ ہوا۔ اس کامیابی کا سہرا عمران خان کے سر ہے جنہوں نے پاکستان میں پہلی بار ٹیکس وصولی کے فرض کو قومی تحریک کی شکل دی۔


معاون خصوصی نے مزید کہا کہ پہلی بار حکمرانوں کے بجائے قومی خزانے کی آمدن بڑھ رہی ہے۔ یہ ملک وقوم اور معیشت کے لیے خوشخبری ہے۔ 2 سیلولر کمپنیوں سے لائسنس فیس کی مد میں 70 ارب روپے وصول ہوئے، ایک اور کمپنی سے مزید 70 ارب وصول ہونے کی امید ہے۔ اس سیکٹر سے مجموعی طور پر 200ارب روپے حاصل ہوں گے۔


فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 73%کمی یقیناً ایک بڑی کامیابی ہے۔برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں واضح کمی آئی۔ ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلیے کوشاں ہیں۔

Load Next Story