پاکستان سے سیریز پروٹیز ٹیم کی جمعے کو یو اے ای روانگی

نمبر ون پوزیشن کواستحکام دینا ہدف،پلیئرزبھارتی سیریزپرغیریقینی سے متاثرہونے لگے

ٹور کا آغاز 8 اکتوبر سے شارجہ میں شیڈول پاکستان اے کے خلاف سہ روزہ میچ سے ہوگا۔فوٹو: فائل

جنوبی افریقی ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کیلیے جمعے کو متحدہ عرب امارات روانہ ہوگی۔

گریم اسمتھ الیون نے ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن کے مزید استحکام کو اپنا ہدف قرار دے دیا، ادھر بھارت سے ہوم سیریز پر چھائی غیریقینی سے پروٹیز پلیئرز بھی متاثر ہونے لگے، دونوں بورڈز سے جلد ازجلد شیڈول کو حتمی شکل دینے کی درخواست کردی۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ سائیڈ جمعے کے روز یو اے ای روانہ ہورہی ہے جہاں پر ٹور کا آغاز 8 اکتوبر سے شارجہ میں شیڈول پاکستان اے کے خلاف سہ روزہ میچ سے کرے گی، پاکستان سے پہلا ٹیسٹ 14 اکتوبر سے ابوظبی میں ہوگا جبکہ دونوں ٹیمیں دبئی میں 23 اکتوبر سے دوسرا پانچ روزہ کھیلیں گی۔ اس وقت عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں پروٹیز ٹاپ پر موجود اور پاکستان کے خلاف سیریز میں فتح سے اپنی اس پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔




جنوبی افریقہ کو اس سیزن میں ممکنہ طور پر 8 ٹیسٹ کھیلنے ہیں، ان میں بھارت اور آسٹریلیا سے تین، تین میچزبھی شامل ہیں، البتہ ابھی تک بھارتی بورڈ کے ساتھ شیڈول کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی، وہ اس معاملے میں وقت گزارنے کی پالیسی پر عمل پیرا جبکہ جنوبی افریقی بورڈ کی بے قراری بڑھتی جارہی ہے، اب دونوں بورڈز کے سربراہان کے درمیان 16 اور 17 اکتوبر کو آئی سی سی بورڈ میٹنگ کے موقع پر ملاقات میں اس ایشو پر بات ہوسکتی ہے۔

اس تاخیر سے کھلاڑی بھی متاثر ہورہے ہیں، جنوبی افریقی کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو ٹونی آئرش کا کہنا ہے کہ کھلاڑی بھی کرکٹ کے اہم اسٹیک ہولڈرز میں سے ہیں، اس لیے ان کا بھی ہوم سیریز کی تصدیق میں تاخیر سے متاثر ہونا یقینی ہے، تمام کرکٹرز اس مسئلے کا جلد سے جلد حل چاہتے ہیں تاکہ ان کو واضح طور پر معلوم ہوجائے کہ انھیں بھارت سے ہوم سیریز میں کب اور کہاں میچز کھیلنے ہیں، جنوبی افریقی بورڈ کو پہلے بی سی سی آئی کے صدارتی انتخابات ہونے کا انتظار تھا اب انھیں یہ معاملہ پھر سے اٹھانا چاہیے۔واضح رہے کہ سیریز مختصر ہونے کی صورت میں جنوبی افریقی بورڈ کو 20 ملین ڈالر تک کا نقصان ہوسکتا ہے۔
Load Next Story