کراچی میں این آئی سی ایچ اسپتال سے نومولود بچی اغوا

بچی کی دادی رشتے داروں کو چھوڑنے اسپتال کے گیٹ تک گئیں اور واپس آئیں تو بچی موجود نہ تھی

معمر خاتون بچی کو اپنی ظاہر کرکے اسپتال سے لے گئیں فوٹو:فائل

بچوں کے سرکاری اسپتال سے 5 دن کی بچی پراسرار طور پر اغوا کر لی گئی۔

قومی ادارہ برائے اطفال سے نامعلوم خاتون 5 دن کی بچی کو پراسرار طور پر اغوا کر کے لے گئی۔ مغوی بچی کے والد ابراہیم نیازی نے ایکسپریس کو بتایا کہ لیاری جنرل اسپتال میں اس کی اہلیہ کے ہاں آپریشن کے ذریعے ایک بچی کی ولادت ہوئی۔ بچی کمزور ہونے کے باعث اسے لیاری جنرل اسپتال سے 'این آئی سی ایچ' بھیجا گیا۔


بچی کی ماں کا آپریشن ہوا تھا جس کے باعث وہ اس کے ساتھ نہیں تھی تاہم بچی کو اس کی والدہ زینت کے نام سے داخل کرایا گیا۔ بچی کی دادی مستقل تیمارداری کے لیے اس کے ساتھ تھی۔ شام کو بچی کی نانی اور خالہ ملنے آئے تھے اور جب وہ مل کر واپس جا رہے تھے تو بچی کی دادی انہیں چھوڑنے اسپتال کے گیٹ تک آئیں اور جب واپس اسپتال کے وارڈ میں گئیں تو وہاں بچی موجود نہیں تھی جس پر اسپتال میں بھگدڑ مچ گئی۔

وارڈ کی نرس نے بتایا کہ انہوں نے بی بی زینت کر کے آواز لگائی جس پر ایک خاتون اٹھ کر آئیں اور بچی کو اپنی ظاہر کرتے ہوئے وصول کر لیا اور باہر چلی گئی۔ اسپتال میں لگے خفیہ کیمروں کی فوٹیج میں ایک 50 سال سے زائد عمر کی بھاری بھرکم خاتون کو مغوی بچے کو لے جاتے ہوئے واضح طور پر دیکھا گیا ہے۔ پولیس نے بچی کے لا پتہ ہونے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔
Load Next Story