دیہاتی عورت ہونا کوئی گالی نہیں ہے بھارتی وزیر خارجہ کا نریندر مودی کو کرارا جواب

نریندر مودی نے اپنے گرد چند احمق اکٹھے کر رکھے ہیں جن کی لکھی تقریریں مودی طوطے کی طرح پڑھ دیتے ہیں، سلمان خورشید

پاکستانی وزیراعظم نوازشریف نے ایسی کوئی بات نہیں کی اور اگر ایسا کچھ کہا بھی ہے تو دیہاتی عورت ہونا کوئی گالی نہیں ہے، بھارتی وزیر خارجہ فوٹو: فائل

وزیر اعظم نوازشریف کی طرف سے بھارتی ہم منصب من موہن سنگھ کو مبینہ طور پر دیہاتی عورت کہے جانے پر بھارتی سیاست میں گرما گرمی جاری ہے۔

بی جے پی کے رہنما اور نامزد وزیراعظم نریندر مودی کی رائی کا پہاڑ بنا کر پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش ان کے گلے پڑ گئی ہے، بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے نریندر مودی کی باتوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم نوازشریف نے ایسی کوئی بات نہیں کی اور اگر ایسا کچھ کہا بھی ہے تو دیہاتی عورت ہونا کوئی گالی نہیں ہے۔


بھارتی وزیر خارجہ نے اپوزیشن رہنما کو مکمل احمق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوں لگتا ہےکہ مودی صاحب کو دیہاتی خواتین پسند نہیں، ان کے لیے ہر دیہاتی عورت ایک گالی کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی نہ تو اخبار پڑھتے ہیں اور نہ ہی ٹی وی دیکھتے ہیں، انہوں نے اپنے گرد چند احمق اکٹھے کر رکھے ہیں جن کی لکھی تقریریں مودی طوطے کی طرح پڑھ دیتے ہیں۔

بھارتی وزیر خارجہ نے ہندو انتہا پسند رہنما پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی کے قول اور فعل میں ہمیشہ تضاد رہا ہے، ان کے اندر حقائق کو جاننے کی صلاحیت کی کمی ہے، وہ نہ تو سیاست کو سمجھتے ہیں اور نہ کچھ سیکھنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نوازشریف کی جانب سے من موہن سنگھ کو دیہاتی عورت کہے جانے کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد نریندر مودی نے اسے بھارتی وزیراعظم کی بےعزتی کے مترادف قرار دے کر کافی واویلہ مچایا تھا، دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف کے اس بیان کی بعد میں تردید بھی کی جا چکی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story