کیویزکوبھارتی اسپن جال کترنےکا کٹھن چیلنج درپیش

دوسرے ٹیسٹ کا آج سے بنگلور میں آغاز، بھارت کلین سوئپ کیلیے پراعتماد

دوسرے ٹیسٹ کا آج سے بنگلور میں آغاز، بھارت کلین سوئپ کیلیے پراعتماد۔ فوٹو : اے ایف پی

LOUISIANA:
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ جمعے سے بنگلور میں شروع ہوگا، کیویز کو بھارتی اسپن جال کترنے کا کٹھن چیلنج درپیش ہے، میزبان وینیو چناسوامی اسٹیڈیم کی پچ اسپنرز کیلیے سازگار ہے، کپتان روز ٹیلر نے اپنے بیٹسمینوں کو میزبان اسپنرز کے سامنے جرأت کا مظاہرہ کرنے کو کہا ہے، بھارتی ٹیم دوسرا معرکہ سرکرکے سیریز میں کلین سوئپ کیلیے پرعزم ہے،کپتان مہندرا سنگھ دھونی ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہ کرنے کے حق میں نہیں۔


تفصیلات کے مطابق بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میںشرمناک شکست کے بعد اسپن بولنگ نیوزی لینڈ کیلیے ڈرائونا خواب بن گئی ہے، اس ٹور سے قبل کیویز نے اسپن اٹیک کا سامنا کرنے کی خوب پریکٹس کی مگر میدان میں اسپنرز کا سامنا کرتے ہی ان کے قدم لڑکھڑانے لگتے ہیں، اب جمعے سے دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ شروع ہونے والا ہے جس میں ایک بار پھر کیویز کو میزبان اسپن اٹیک سے نمٹنے کا کٹھن چیلنج درپیش ہوگا، چناسوامی اسٹیڈیم کی اسپن فرینڈلی پچ ان کی مشکلات میں مزید اضافے کا اعلان کررہی ہے، کپتان روز ٹیلر نے اپنے بیٹسمینوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے ان کو کہا ہے کہ وہ بھارتی اسپنر جوڑی روی چندرن ایشون اور پراگیان اوجھا کا جرأتمندی سے سامنا کریں، ان دونوں سلو بولرز نے پہلے میچ میں مجموعی طور پر 18 وکٹیں لی تھیں جس میں سے 12 ایشون کے حصے میں آئی تھیں۔

دوسری جانب بھارت نیوزی لینڈ کے خلاف کلین سوئپ کے لیے پرعزم ہے، کپتان دھونی نے واضح کیا ہے کہ مستقبل کے چیلنجز کے پیش نظر ٹیم میں کوئی تجربات نہیں کیے جائیں گے۔ بھارت نے رواں ہوم سیزن میں مجموعی طور پر 10 ٹیسٹ کھیلنے تھے جن میں سے اب 9 باقی رہ گئے ہیں، نیوزی لینڈ کے بعد بھارتی ٹیم انگلینڈ اور پھر آئندہ برس کے آغاز میں آسٹریلیا کے ساتھ 4، 4 ٹیسٹ میچز کھیلے گی، ایشون کا کہنا ہے کہ میں اور اوجھا مل کر مستقبل میں بھی مہمان ٹیموں کے ہوش اڑاتے رہیں گے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ چنا سوامی میں بھارت کو گذشتہ 17 برس میں ایک فتح ہاتھ آئی ہے جبکہ یہاں پر مجموعی طور پرحاصل ہونے والی دونوں ٹیسٹ کامیابیاں نیوزی لینڈ کے خلاف حاصل کی ہیں۔
Load Next Story