ایمنسٹی انٹرنیشنل کی کاوشوں سے دنیا کو کشمیری عوام کی مشکلات کا علم ہوا عمران خان

وزیراعظم عمران خان سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے جنرل سیکریٹری کومی نائیڈو کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے جنرل ایمنسٹی انٹرنیشنل کومی نائیڈو نے ملاقات کی (فوٹو: سوشل میڈیا)

وزیراعظم عمران خان نے پیلٹ گنز سے متاثرہ کشمیری نوجوانوں پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی کاوشوں سے دنیا کو کشمیری عوام کی مشکلات کا علم ہوا۔

دورہ امریکا کے دوران نیویارک میں وزیراعظم عمران خان سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے جنرل سیکریٹری کومی نائیڈو نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بھارت کی جانب انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے کردار کو سراہا۔



وزیراعظم نے پیلٹ گنز سے متاثرہ کشمیری نوجوانوں پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی کاوشوں سے دنیا کو کشمیری عوام کی مشکلات کا علم ہوا، کشمیر پر اقوام متحدہ کی رپورٹس نے کشمیری عوام کے پیغام کی مضبوط بنیاد رکھی۔


اس موقع پر کومی نایڈو نے مقبوضہ کشمیر کی وکالت کے حوالے سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی کوششوں سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا، سیکریٹری جنرل نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق ادارے کے کام کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو تفصیلات بتائیں، جنری سیکریٹری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی تنظیموں کوعوام تک رسائی نہیں دی جارہی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق تنظیموں کے کام میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔

امید ہے افغان امن مذاکرات جلد دوبارہ شروع ہوں گے، عمران خان

دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان سے امریکا کے افغان امور کے لیے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی جس میں افغانستان میں قیام امن اور طالبان امریکا مذاکرات کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے افغانستان میں امن کا قیام بہت ضروری ہے اور افغانستان میں امن لانا پاکستان حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے تمام فریقین کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جب کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور امید ہے کہ امن مذاکرات کا معاملہ جلد دوبارہ شروع ہوجائے گا۔

زلمے خلیل زاد نے افغان امن عمل میں حمایت اور سہولت کار کا کردار ادا کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔
Load Next Story