انسداد دہشت گردی قوانین میں تمام موزوں اور ضروری ترامیم فوری کی جائیں وزیراعظم کی ہدایت

ترمیم کے بعد قوانین میں ایسی خامیاں نہ چھوڑی جائیں جس سے دہشت گرد فائدہ اٹھا سکیں، نواز شریف

دہشت گردی پرقابو پانے کیلئے قابل بھروسہ اور قابل گرفت قوانین ضروری ہیں۔ نواز شریف فوٹو:فائل

وزیر اعظم نواز شریف نے انسداد دہشت گردی سے متعلق موجودہ قوانین میں ترمیم کرکے ان کو شفاف اور مزید سخت بنانے کی ہدایت کی ہے۔


ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں انسداد دہشت گردی سے متعلق قوانین میں ترامیم کے امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان، وزیراطلاعات پرویزرشید، زاہد حامد ودیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی، اس دوران وزیر اعظم نواز شریف نے انسداد دہشت گردی سے متعلق موجودہ قوانین میں ترمیم کرکے اس میں موجود خامیوں کو دور کرنے اور اسے مزید سخت بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انسداد دہشت گردی قوانین میں تمام موزوں اور ضروری ترامیم فوری کی جائیں، دہشت گردی پرقابو پانے کےلئے قابل بھروسہ اور قابل گرفت قوانین ضروری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ ترمیم کے بعد قوانین میں ایسی خامیاں نہ چھوڑی جائیں جس سے دہشت گردی فائدہ اٹھا سکیں۔ سزاوں کومؤثر بنانےکے لئےقانون میں ضروری ترامیم فوری کرناہوں گی اور ترامیم کے بعد منظوری کے لئے قوانین کوفوری پارلیمنٹ میں لایاجائے۔
Load Next Story