کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے مزید 8افراد ہلاک

کھوکھراپارمیںکالعدم تنظیم کے کارکن سمیت3ہلاک،کورنگی،پاک کالونی،میٹھادر،نبی بخش میں بھی ہلاکتیں،کلری سے لاش ملی

کھوکھراپارمیںکالعدم تنظیم کے کارکن سمیت3ہلاک،کورنگی،پاک کالونی،میٹھادر،نبی بخش میں بھی ہلاکتیں،کلری سے لاش ملی ۔ فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے اے ایس آئی سمیت8 افراد ہلاک،سیکیورٹی گارڈ،نجی ٹی وی کے نمائندے سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق پاک کالونی کے علاقے میانوالی کالونی دھوبی گھاٹ کے قریب ملزمان کی فائرنگ سے 40 سالہ شمیم عرف ننھا ہلاک ہوگیا،پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول متحدہ لیاری سیکٹر یونٹ 32 کے کارکن نسیم کا بڑا بھائی تھا، نبی بخش کے علاقے جوبلی مارکیٹ چاند آٹوز کے سامنے رکشے میں سوار ملزمان کی فائرنگ سے 22 سالہ محمد احسان خان ولد اکا بابو خان ہلاک ہوگیا۔

ایس ایچ او نبی بخش نصیر الدین شاہ نے بتایا کہ ملزمان مقتول کو اپنے ہمراہ رکشے میں لائے تھے جسے سر پر گولی مار کر قتل کر دیا اور لاش چلتے ہوئے رکشے سے پھینک کر فرار ہوگئے،کلری کے علاقے ماڑی پور روڈ کراؤن سینما نالے کے قریب سے بوری میں بند لاش ملی،ایس ایچ او کلری چاند خان نیازی نے بتایا کہ مقتول کی شناخت اس کی والدہ زیتون بی بی نے 23 سالہ اکرم بلوچ کے نام سے کرلی ہے،مقتول کے بارے میں بتایا جاتا ہے وہ لیاری گینگ وار کے بدنام زمانہ ارشد پپو گروپ سے تعلق رکھتا ہے ،میٹھادر تھانے کی ایم ٹی آر کالونی اولڈ کوئنز روڈ ٹائرکمپنی پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کااے ایس آئی پھول زیب ہلاک ہو گیا۔


کھوکھراپارنمبر ڈھائی مسلم آباد میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے45 سالہ حاجی محمد اسلم کچھی،اس کا چھوٹا بھائی32 سالہ انور کچھی ہلاک 35سالہ محمد ندیم بلوچ زخمی ہوگئے، ہلاک و زخمی کو جناح اسپتال پہنچایاگیا جہاں محمد ندیم بلوچ بھی ہلاک ہوگیا،ایس ایچ او کھوکھراپارتصدیق وارث نے بتایا کہ حاجی اسلم کا تعلق کالعدم امن کمیٹی سے تھا اور وہ ایک قوم پرست جماعت کے ضلع ایسٹ کے صدر شاہد نوتیار کا بہنوئی تھا،کورنگی سیکٹر 50/A برف خانہ کے قریب گلی نمبر3 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30 سالہ محمد عاصم ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او لیاقت علی نے بتایا کہ مقتول منشیات فروش تھا،ماڑی پور کے علاقے مواچھ گوٹھ کچھی پاڑہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے45 سالہ حجن شاہ بروھی زخمی ہو گیا۔

گلستان جوہر بلاک14فرحان اپارٹمنٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے لوٹ مار کے دوران نجی ٹی وی چینل کے نمائندے30 سالہ ذونیب معین کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور فرار ہو گئے،نارتھ ناظم آباد کے علاقے بلاک J میں سیکیورٹی گارڈ مصطفیٰ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا،اورنگی ٹاؤن کے علاقے بخاری کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ شہزاد جبکہ لیاری کے علاقے آٹھ چوک کے قریب فائرنگ سے 32 سالہ مظفر زخمی ہوگیا، بدھ کی شب کلاکوٹ کے علاقے مرزا آدم خان روڈ دھوبی گھاٹ کے قریب سے ملنے والی لاش کو محمد آصف کے نام سے شناخت کرلیا گیا ۔ڈیفنس فیز7 خیابان بحریہ اسٹریٹ33 پر نامعلوم ملزمان کی کار پر فائرنگ سے15سالہ رخسار دختر آفتاب آریجو زخمی ہو گئی ۔

Recommended Stories

Load Next Story