مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کے سب سے بڑے انسانی سانحے کا خدشہ ہے وزیراعظم

وزیراعظم کی نیویارک میں بل گیٹس، ہیومن رائٹس واچ کے ڈائریکٹر کینیتھ راتھ اور ناروے کے وزیراعظم سے ملاقات

پاکستان اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن کے درمیان احساس پروگرام کے تعاون کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے۔ فوٹوفائل

وزیر اعظم عمران خان نے نیویارک میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سمیت مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے نیو یارک میں معروف اخبار وال اسٹریٹ جنرل کے اداریاتی بورڈ سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ جموں و کشمیر پر تسلط اور وہاں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا ہمیں خدشہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہٹنے کے بعد خونریزی ہوگی۔ مودی کے گھمنڈ نے اس خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ میں عالمی طاقتوں سے توقع رکھتا ہوں کے وہ مودی کو اس بات پر مجبور کریں کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مبصرین کو آنے کی اجازت دے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی میڈیا مودی کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ افغانستان میں امن سے سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا۔ میرا خیال ہے کہ امریکا طالبان مذاکرات بحال ہونے چاہیئں۔ پاکستان کی معیشت درست سمت پر گامزن ہے اور مشکل وقت گزرچکا۔ کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی ناروے کے وزیراعظم سے ملاقات

وزیراعظم عمران خان نے نیویارک میں ناورے کے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ناورے کے وزیراعظم کو خطے کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ پاکستان نے ناورے کے ساتھ تجارت و سرمایہ کے ذریعے اقتصادی روابط بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ جب کہ دونوں وزرائے اعظم کا دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی اتفاق ہوا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ناورے میں مقیم پاکستان کمیونٹی دونوں ممالک کی دوستی کو مضبوط بناتی ہے۔

وزیراعظم کی ہیومن رائٹس واچ کے ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر سے ملاقات


وزیر اعظم عمران خان کی نیویارک میں ہیومن رائٹس واچ کے ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر کینیتھ راتھ کے ساتھ بھی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے کینیتھ راتھ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوستانی افواج کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کا سب سے بڑا انسانی سانحہ ہونے کا خدشہ ہے بھارت خطے کی آبادیاتی ترتیب کو متاثر کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

وزیر اعظم نے بتایا کے ایک اندازے کے مطابق 15 ہزار نوجوانوں کو غیر قانونی حراست میں لیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کو مجبور کریں کہ وہ مبصرین کو آنے کی جازت دے۔ میں یہاں کشمیر کا سفیر بن کر آیا ہوں اور بھر پور طریقے سے ان کا مقدمہ پیش کروں گا۔

وزیراعظم کی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملاقات

وزیراعظم عمران خان نے نیویارک میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے ساتھ بھی ملاقات کی جس میں مشیر خزانہ، مشیر تجارت اور معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ثانیہ نشتر بھی موجود تھیں۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان احساس پروگرام کے تعاون کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے۔

بل گیٹس فاؤنڈیشن احساس پروگرام کو فنڈز، تکینیکی امداد اور صحت اور غذا کی بہتری کے لیے عالمی ماہرین کی مدد فراہم کرے گی۔ احساس پروگرام میں غربت کے خاتمے کے 134 پالیسی اقدامات شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے سب سے بڑا پروگرام شروع کیا ہے، خوشی ہے کہ بل گیٹس فاؤنڈیشن احساس پروگرام کو مختلف شعبوں میں مدد فراہم کرے گی۔ بل گیٹس فاؤنڈیشن دوران زچگی اموات کی شرح کم کرنے اور صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے تعاون کرے گی۔

ملاقات میں احساس پروگرام میں شامل ون ویمن ون بینک پروگرام کے خواتین کو با اختیار میں کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے ملک سے پولیو کے ہمیشہ کے لیے خاتمے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ بل گیٹس نے کہا دنیا سے پولیو کا خاتمہ بل گیٹس فاؤنڈیشن کی اولین ترجیح ہے فاؤنڈیشن 2020 کے دوران پاکستان میں 220 ملین ڈالر خرچ کرے گی۔
Load Next Story