نجم سیٹھی کے مستقل چیئرمین بننے میں قانونی رکاوٹیں حائل

نجم سیٹھی انتخاب کیلیے اپنی اصل ذمہ داری کو پورا کرنے کیلیے تاحال کوئی تیاری نہیں کرسکے

نگران سربراہ ٹیسٹ یا فرسٹ کلاس کرکٹر ہونے کی شرط پر بھی پورا نہیں اترتے۔ فوٹو: فائل

نجم سیٹھی کے پی سی بی کا مستقل چیئرمین بننے کی راہ میں کئی قانونی رکاوٹیں حائل ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں الیکٹورل کالج کے ہر ووٹر کے لیے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تقاضوں پر پورا اترنے، ٹیسٹ یا فرسٹ کلاس کرکٹر، گریجویٹ اور نادہندہ نہ ہونے جیسی شرائط رکھی گئی ہیں، ان پر موجودہ نگران چیئرمین پورا نہیں اترتے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے رواں سال21 جولائی کے فیصلے میں فاضل جج شوکت صدیقی نے نجم سیٹھی کو پی سی بی کے نگران چیئرمین کی حیثیت سے کام کرنے کی اجازت دیتے ہوئے 90 روز کے اندر الیکشن کرانے کی ہدایت دی تھی، ان کے عہدے کی مدت 19 اکتوبر کو ختم ہوگی، وہ نئے چیئرمین کے انتخاب کیلیے اپنی اصل ذمہ داری کو پورا کرنے کیلیے تاحال کوئی تیاری نہیں کرسکے، بیشتر ریجنز میں منتخب نمائندے ہی موجود نہیں جس سے الیکٹورل کالج مکمل ہوسکے، اس وقت کراچی،لاہور، ملتان، فیصل آباد، بہاولپور، سیالکوٹ، راولپنڈی، پشاور اور فاٹا ریجن میں عبوری سیٹ اپ قائم ہے۔




سیٹھی کی جانب سے ریجنز میں انتخابات کرانے کے بجائے انھیں براہ راست کنٹرول کرنے کا اختیار بھی حاصل کرنے کی اطلاعات ہیں، اس صورتحال میں نئے چیئرمین کے انتخاب کا عمل مکمل ہوتا نظر نہیں آتا، دوسری طرف نجم سیٹھی نگران ہوتے ہوئے الیکشن لڑنے کا اخلاقی جواز نہیں رکھتے، اگر ایسا چاہیں بھی تو عدالتی احکامات کے مطابق بھی وہ خود کو چیئرمین کے امیدوار کے طور پر پیش نہیں کرسکتے،اسلام آباد ہائی کورٹ نے واضح طور پر قرار دے رکھا ہے کہ الیکٹورل کالج کا ہر ووٹر صرف اسی صورت میں الیکشن لڑسکتا ہے جب وہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تقاضوں پر پورا اترتا ہو جبکہ ایک رپورٹ کے مطابق نجم سیٹھی ٹیکس نادہندہ ہیں۔ نگران چیئرمین ٹیسٹ یا فرسٹ کلاس کرکٹر ہونے کی شرط پر بھی پورا نہیں اترتے، ڈویژنل بینچ تشکیل نہ پانے کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ عدالت سے کسی ریلیف کی درخواست بھی نہیں کرسکا، 18 اکتوبر تک الیکشن کا انعقاد بھی ممکن نظر نہیں آتا، ڈیڈ لائن گذرنے پر نجم سیٹھی کے مستقبل پر سوالیہ نشان تو بہرحال موجود ہوگا، پی سی بی کو انتظامی بحران کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
Load Next Story