پاک افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب سے دہشتگردی کےواقعات میں کمی آئی آرمی چیف

پاک افغان سرحد پر جاری باڑ کی تنصیب سے سرحد پار سے دہشت گردوں کی آمدورفت کم ہوئی ہے، آرمی چیف

پاکستان میں دیرپا امن افغانستان کے امن سے منسلک ہے جس کے لئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ۔ فوٹو:فائل

سربراہ پاک فوج جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر جاری باڑ کی تنصیب سے سرحد پار سے دہشت گردوں کی آمدورفت کم ہوئی ہے اور دہشت گردی کے واقعات بھی بتدریج کم ہورہے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے میران شاہ کا دورہ کیا، آرمی چیف نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے عمائدین سے ملاقات اور بات چیت بھی کی۔


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر جاری باڑ کی تنصیب سے سرحد پار سے دہشت گردوں کی آمدورفت کم ہوئی اور دہشت گردی کے واقعات بھی بتدریج کم ہورہے ہیں۔ شہری دیسی بارودی سرنگوں کے واقعات کی روک تھام میں محتاط رہیں اور شدت پسندوں کے سہولت کاروں سے بھی چوکنا رہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افغانستان پاکستان کا برادر ہمسایہ ملک ہے اور ہم افغانستان میں امن کےقیام کےخواہاں ہیں، پاکستان میں دیرپا امن افغانستان کے امن سے منسلک ہے جس کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ شدت پسندوں کے ساتھ طاقت کے ذریعے نمٹنا بڑامسئلہ نہیں لیکن جانی نقصان سے بچنے کے لئے فورسز مکمل تحمل کامظاہرہ کرتی ہیں، ہم باہمی تعاو ن سے دہشتگردوں کو مکمل شکست دیں گے، عمائدین کے تجربے سے مستقبل میں کامیابیاں ممکن ہیں۔
Load Next Story