چیرمین نیب کا تقرر وزیر اعظم نے آج کی میٹنگ کیوں ملتوی کی اس بات کا علم نہیں خورشید شاہ

چیرمین نیب کا تقرر قومی ذمہ داری اور ہم اسے سیاسی رنگ دینا نہیں چاہتے، سید خورشید شاہ

انتخابات کے وقت عوام کو سبز باغ دکھائے اور ملک میں موجود سب برائیوں کی جڑ پیپلز پارٹی کو کہا گیا، سید خورشید شاہ فوٹو: ایکسپریس نیوز

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے چیرمین نیب کے تقرر کے لئے آج ہونی والی میٹنگ وزیراعظم نے کیوں ملتوی کی اس کا انہیں علم نہیں۔


لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ چیرمین نیب کا تقرر قومی ذمہ داری اور ہم اسے سیاسی رنگ دینا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا اس حوالے سے وزیر اعظم سے 5 بار ملاقاتیں ہوچکی ہیں جس میں 4 ناموں کو فائنل کرلیا گیا ہے جس میں سے ایک کا تقرر کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا مجھے علم نہیں کہ وزیر اعظم نے چیرمین نیب کی تقرری کے حوالے سے کل اور آج ہونے والی میٹنگ کیوں ملتوی کی تاہم وہ جب ملاقات کے لئے بلائیں گے چلا جاؤں گا۔

سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں نے انتخابات کے وقت عوام کو سبز باغ دکھائے اور ملک میں موجود سب برائیوں کی جڑ پیپلز پارٹی کو کہا گیا لیکن ابھی ملک کے جو حالات ہیں عوام اس سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کی کوئی ذات نہیں ہوتی، میری نظر میں مہاجر کوئی نہیں، ہم سب بس پاکستانی ہیں اور صوبہ سندھ میں رہتے ہیں۔
Load Next Story