پہلا ون ڈے بارش کی نذربورڈکو شدید سبکی کا سامنا

نیشنل اسٹیڈیم کراچی جھیل کی شکل میں تبدیل،ناگفتہ حالت سے قلعی کھل گئی

نیشنل اسٹیڈیم کراچی جھیل کی شکل میں تبدیل،ناگفتہ حالت سے قلعی کھل گئی۔ فوٹو: فائل

پاک سری لنکا سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل بارش کی نذر ہونے سے پی سی بی کو شدید سبکی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ جمعے کو موسلادھار بارش کے بعد جھیل کی شکل میں تبدیل ہونے والے نیشنل اسٹیڈیم کی ناگفتہ حالت سے بورڈ کی قلعی کھل گئی۔

سخت تنقید کا نشانہ بننے کے بعد حکام میں سخت ہلچل مچ گئی،اب دوسرے میچ کیلیے تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے، ہفتے کو گراؤنڈ میں جمع شدہ پانی نکالنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری رہا، شدید برسات کے بعد ہفتے کو تیز دھوپ کی بدولت پچ کافی حد تک سوکھ گئی،آؤٹ فیلڈ میں جمع شدہ پانی کو بھی نکالنے کا سلسلہ جاری رہا، حنیف محمد اور جاوید میانداد انکلوژرز کے سامنے آؤٹ فیلڈ پر جمع ہونیوالے پانی کو بھی صاف کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اتوار کو دونوں ٹیموں کی پریکٹس سے قبل گراؤنڈ کومکمل طور پر درست حالت میں لائے جانے کا امکان ہے، ترجیحی بنیادوں پر صفائی ستھرائی کے بعد اسٹیڈیم میں سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے کیلیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں گے، ان میں قابل ذکر ڈرینج سسٹم بھی شامل ہے، نکاسی آب کا نظام موثر نہ ہونا مشکلات کا باعث بنا تھا، بارش کی وجہ سے ٹپکنے والی چھتوں کی بھی درستگی کا عمل ہوگا۔


واضح رہے کہ جمعے کو میچ کے موقع پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے مشینوں کا انتظام موجود تھا لیکن بھاری بھر کم ہونے کی وجہ سے وہ گراونڈ میں نہیں جا سکیں تاہم واٹر بورڈ نے اسٹیڈیم میں مزید پانی داخل ہونے سے روکا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی طرف سے نیشنل اسٹیڈیم کے ناقص سیوریج نظام کو بہتر بنانے کیلیے خاظر خواہ قدم نہیں اٹھائے گئے، اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا ٹھیکہ لینے والے کنسلٹنٹ ادارے کی طرف سے بھی کوتاہی سامنے آئی ہے،بارش کے موقع پر اسٹیڈیم جدید ٹیکنالوجی سے محروم نظر آیا اور گراؤنڈزمین وکٹ کے کور پر موجود پانی کو وائپر سے نکالنے کی کوشش کرتے رہے۔

اطلاعات کے مطابق کورز محدود ہونے کی وجہ سے دیگر مقامات سے ہنگامی طور پر وائیپرز منگوائے گئے ہیں۔

 
Load Next Story