پاکستان سے ہاکی سیریز کے لیے اومان کی ٹیم لاہور پہنچ گئی

بھرپور تیاریوں کے ساتھ پاکستان آئے ہیں، ہیڈ کوچ اومان ہاکی ٹیم

پاکستانی اور اومان کے درمیان پہلا میچ یکم اکتوبر کو کھیلا جائے گا فوٹو:ایکسپریس

4 میچوں کی سیریز کے لیے اومان کی ہاکی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے ۔

پِی ایچ ایف کے عہدیداروں نے لاہور ایئرپورٹ پر مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔ ٹوکیو اولمپک کی تیاریوں میں مصروف پاکستانی ہاکی ٹیم اور اومان کے درمیان پہلا میچ یکم اکتوبر کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ 2 اکتوبر کو شیڈول ہے جبکہ تیسرا میچ 4 اکتوبر کو رکھا گیا ہے۔ سیریز کا چوتھا میچ 6 اکتوبر کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

اومان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان کا کہنا ہے کہ بھرپور تیاریوں کے ساتھ پاکستان آئے ہیں، پرامید ہوں کہ گرین شرٹس کے ساتھ اچھے اور جاندار میچز ہوں گے۔


ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات چیت میں طاہر زمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا شمار دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں کے ساتھ ہوتا ہے، مضبوط ٹیم کے ساتھ کھیلنے سے جونیئر ایشیا کپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی-

اومان ٹیم کے مینیجر کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے کی بہت زیادہ خوشی ہے، میری طرح ٹیم کے تمام کھلاڑی پر جوش ہیں، پاکستانیوں کی مہمان نوازی نے خاصا متاثر کیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیدار کرنل آصف مخناز کھوکھر نے کہا کہ سیریزکی وجہ سے نہ صرف انٹرنیشنل ہاکی کے مزید دروازے کھلیں گے بلکہ گرین شرٹس کو اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں میں بھی مدد ملے گی۔
Load Next Story