خراب کارکردگی پر وزرا ہٹائے تو 99 فیصد نشستیں خالی ہوجائیں گی سراج الحق

وزراء کی تبدیلی کے فیصلے سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت کو بھی اپنی خراب کارکردگی کا احساس ہے

وزراء کی تبدیلی کے فیصلے سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت کو بھی اپنی خراب کارکردگی کا احساس ہے (فوٹو: فائل)

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم نے خراب کارکردگی پر وزراء کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو 99 فیصد سیٹیں خالی ہو جائیں گی۔

منصورہ میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ وزراء کی تبدیلی کے فیصلے سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت کو بھی اپنی خراب کارکردگی کا احساس ہوگیا ہے مگر جزوی تبدیلی سے کچھ نہیں ہوگا، اسٹیٹ بینک کے گورنر گواہی دے رہے ہیں کہ ملکی قرضے جی ڈی پی کے 80 فیصد تک پہنچ گئے ہیں اور حکومتی اخراجات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔


سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت معاشرتی و معاشی ریفارمز کا کوئی وعدہ پورا نہیں کرسکی، پولیس کا رویہ مزید بدتر ہوگیا، پنجاب کے بعد پشاور میں ڈاکٹروں کی مار کٹائی نے سری نگر کا منظر پیش کیا ہے، حکومت کے پاس اب الفاظ اور تقاریر کے علاوہ دینے کے لیے کچھ نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کے پہلے سال میں ترقی کی شرح 5.9 فیصد سے گر کر 2.4 پر پہنچ جانا ایک تباہ کن صورتحال کی دلیل ہے، مستقبل میں بھی حکومت کے پاس کوئی نقشہ نہیں اور نہ ہی باصلاحیت اور دیانتدار ٹیم ہے، جماعت اسلامی ملک میں پرامن انقلاب چاہتی ہے جس کے لیے ہم نوجوانوں اور عوام کو منظم کر رہے ہیںاس لیے کہ ہمارے تمام مسائل کا حل نظام مصطفیؐ کے نفاذ میں ہے۔
Load Next Story