طالبان بم حملے بند کرکے مذاکرات کی حکومتی پیشکش پر غورکریں الطاف حسین

طالبان سے مذاکرات کرنے یا نہ کرنے کا معاملہ صرف حکومت پاکستان اور طالبان تک محدود نہیں، الطاف حسین

طالبان فوجیوں، سپاہیوں، شہریوں، عوامی اورفوجی مقامات پر حملے کرنا بندکردیں، الطاف حسین فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے طالبان سے ملک بھر میں بم حملے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان فوجیوں ، سپاہیوں ، شہریوں، عوامی اورفوجی مقامات پر حملے کرنا بندکردیں اور حکومت کی مذاکرات کی پیشکش پر غورکریں۔


اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کرنے یا نہ کرنے کا معاملہ صرف حکومت پاکستان اور طالبان تک محدود نہیں بلکہ اس کے اثرات ہمسایہ ممالک سے نکل کر بہت دور تک جاپہنچے ہیں، ارباب اختیارواقتدار اور سیاسی ومذہبی رہنماء دانشمندی کا مظاہرہ کریں اور جوبھی فیصلہ کریں وہ انتہائی سوچ وبچاراور پوری قوم کو اعتماد میں لیکر کریں اوراس امر کویقینی بنائیں کہ اس فیصلے کے جوبھی نتائج ہوں وہ پاکستان اور اس کے عوام کے بہتر مستقبل اورمفاد میں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم ایک جمہوریت اور امن پسند جماعت ہے ، ایم کیوایم میں جرائم پیشہ عناصر کیلئے نہ کل کوئی گنجائش تھی اور نہ ہی آج کوئی گنجائش ہے، ایم کیوایم ،کراچی میں قیام امن کیلئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آئین وقانون کے تحت کارروائی کی کل بھی حامی تھی اور آج بھی حامی ہے، جرائم پیشہ عناصر خواہ کسی بھی جماعت یاگروہ سے تعلق رکھتے ہوں انہیں قانونی طریقہ کار کے تحت گرفتارکرکے عدالت میں پیش کیاجائے۔
Load Next Story