افغان کوچ نے پاکستان اور بھارت سے مدد کی اپیل کر دی

اپنی بہترین تیاری کرتے ہوئے دنیا کو دکھانے کی کوشش کریں گے کہ ہم کیا کر دکھانے کے قابل ہیں،افغان کوچ

ورلڈ کپ سے پہلے بڑی ٹیموں سے زیادہ کرکٹ کھیلنا چاہیں گے، کبیر خان، فوٹو : اے ایف پی ، فائل

افغان کرکٹ ٹیم کے کوچ کبیر خان نے پہلے ورلڈ کپ میں شرکت سے قبل پاکستان اور بھارت سے مدد کی اپیل کر دی۔

افغانستان نے جمعے کے روز شارجہ میں کینیا کو ورلڈ لیگ میچ میں7 وکٹ سے زیر کر کے2015 کے میگا ایونٹ میں جگہ بنائی۔ سابق پاکستانی ٹیسٹ فاسٹ بولرکبیر خان نے کہاکہ ہم ورلڈ کپ سے پہلے آئی سی سی مستقل ممبران کیخلاف زیادہ سے زیادہ کرکٹ کھیلنا چاہیں گے، مجھے امید ہے کہ بنگلہ دیش، بھارت اور پاکستان جیسے پڑوسی ممالک ہمارے ساتھ چند میچز کھیل کر اس بڑے ٹورنامنٹ کی تیاری میں ہماری مدد کریں گے۔ صرف5 سال قبل افغان سائیڈ پانچویں درجے کی بین الاقوامی کرکٹ کھیل رہی تھی لیکن پھر تیزی سے ترقی کرتے ہوئے 2010اور2012 کے ورلڈ ٹوئنٹی20 کیلیے کوالیفائی کر لیا، اب تک ٹیم صرف 2بار بڑے حریفوں کے خلاف ون ڈے میچز کھیل سکی ہے،ایک میں پاکستان نے 7وکٹ سے شکست دی جبکہ دوسرا میچ 2012 میں آسٹریلیا کے خلاف شارجہ میں کھیلا تھا جس میں اسے 66 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔




کبیر خان نے کہاکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بڑی ٹیمیں ہمیں بُری طرح ہرانا چاہیں گی لیکن ہم اپنی بہترین تیاری کرتے ہوئے دنیا کو دکھانے کی کوشش کریں گے کہ ہم کیا کر دکھانے کے قابل ہیں۔افغانستان کے لیے ورلڈکپ ایک مشکل مشن ہوگا کیونکہ گروپ اے میں اس کے ساتھ چار مرتبہ کا چیمپئن آسٹریلیا، میزبان نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش، انگلینڈ اور سری لنکا شامل ہیں، مزید ایک کوالیفائر کو بھی گروپ میں جگہ ملے گی۔ افغان کرکٹ ٹیم کو کینیا کیخلاف 28سالہ کپتان محمد نبی نے 46 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر فتح دلائی، انھوں نے میچ میں2 وکٹیں بھی لی تھیں،کئی ساتھیوں کی طرح وہ بھی پاکستان کے ایک پناہ گزین کیمپ میں پیدا ہوئے اور پشاور کے ہی ایک کیمپ میں کرکٹ سیکھی تھی،ان کے والدین سوویت جنگ کے دور میں افغانستان چھوڑ کر پاکستان آگئے تھے۔ یاد رہے کہ افغانستان ورلڈ کپ 2015 میں اپنا پہلا میچ 18فروری کو کینبرا میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔
Load Next Story