سیلز ٹیکس کے نفاذ سے ڈالر کی قیمت میں اضافہ چینی 600 دالیں 500 چاول 345 روپے فی من مہنگے

شیمپو،سرف، صابن،ٹوتھ پیسٹ،شیونگ کریم کی قیمتیں25فیصدتک بڑھ گئیں

بجلی،گیس،پٹرولیم قیمتیں کم نہ ہوئیں توتمام چیزیں عید تک 50 فیصد مہنگی ہوجائینگی،تاجر۔ فوٹو: فائل

بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ دو فیصد اضافی جنرل سیلز ٹیکس کے نفاذ کے بعد اوپن مارکیٹ میں تمام اشیائے خور ونوش کی قیمتوں میں 30سے35فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

جبکہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کے باعث تمام نیشنل و ملٹی نیشنل کمپنیوں نے بھی اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں 25فیصد اضافہ کر دیاہے اورتمام مصنوعات کی قیمتوں میں دکانداروں کے منافع کی شرح بھی11سے کم کر کے 5 تا 6 فیصد کردی ہے جس سے غریبوں اورمتوسط طبقہ کی چیخیں نکل گئی ہیں جبکہ آئندہ ہفتہ سے تمام اشیاء کی قیمتوں میں مزیداضافہ بھی کیاجارہاہے،چینی کی قیمت میں600 روپے من اضافہ کردیاگیا ،چینی کی بوری اب2775روپے کی کردی گئی ہے،آٹا کا تھیلا 35 روپے مہنگا ہوگیا ہے ،گھی کی قیمت میں15روپے کلو اضافہ کر دیا گیا ہے، چاول کی قیمت میں345روپے من اضافہ کیاگیاہے۔




ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ملٹی نیشنل کمپنیوں نے شیمپو، سرف، صابن، ٹوتھ پیسٹ، شیونگ کریم اورمختلف کریموںکی قیمتوں میں 25 فیصداضافہ کیا۔اوپن مارکیٹ میںٹماٹر70 ،گوبھی 60، پیاز 60، ادرک 200 ، لہسن200 ،کھیرا100 ، مٹر 200، لیموں 250، فراشبین 80، مولی 100، سیب 100، انار 150، انگور 250 روپے کلواورکیلا 80 روپے درجن فروخت ہورہا ہے،تمام قسم کی دالوںکی قیمتوںمیںبھی 300 سے 500 روپے فی من اضافہ کردیاگیا،کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی صالحین اور انجمن تاجراں سبزی منڈی کے صدر غلام قادر میر نے کہاکہ دوفیصد جنرل سیلز ٹیکس سے مہنگائی کا نیا ریلا دودن میںآرہاہے،اگر حکومت نے ڈالر، بجلی، سوئی گیس، پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی نہ کی تو تمام اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں مجموعی طور پر عید قربان تک50فیصد تک اضافہ ہوجائیگا۔
Load Next Story