کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران لیاری گینگ وار کے 2 ملزمان ہلاک متعدد افراد گرفتار

پولیس اور رینجرز نے لیاری،پٹھان کالونی، نارتھ ناظم آباد،کورنگی انڈسٹریل ایریا اور ماڑی پور میں ٹارگٹڈ آپریشن کئے۔

لیاری میں آپریشن کے دوران گینگ وار کے دو ملزمان ہلاک ہو گئے۔ فوٹو: فائل

رینجرز اور پولیس کی جانب سے شہر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران لیاری گینگ وار کے 2 ملزمان ہلاک جبکہ کالعدم تنظیموں کے کارکنوں سمیت کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز اور پولیس نے مشترکہ طور پر لیاری کے مختلف علاقوں کا محاصرہ کرکے گینگ وار ملزمان کے خلاف آپریشن کیا۔ اس دوران وہاں موجود ملزمان نے فائرنگ کر دی جوابی کارروائی میں گینگ وار کے دو ملزمان ہلاک ہو گئے، پولیس کے انٹی وائلینٹ کرائم سیل نے گلستان جوہر میں کارروائی کرتے ہوئے ایک درجن سے زائد قتل کی وارداتوں میں مطلوب ٹارگٹ کلر عباس علی کو گرفتار کر لیا۔


بنارس پل کے قریب پٹھان کالونی میں جرائم پیشہ اور کالعدم تنظیم کے افراد کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر کے گھر گھر تلاشی لی۔ اس دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا جن میں کالعدم تنظیم کے غیر ملکی ارکان بھی شامل ہیں۔ آپریشن کے دوران مختلف اقسام کے 34 سے زائد ہتھیار اور بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ رینجرز نے زیر حراست ملزمان کی نشاندہی پر نارتھ ناظم آباد میں کارروائی کرکے 2 ملزمان کو حراست میں لے کر 3 کلاشنکوف بھی برآمد کرلیں۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں شریف آباد ندی اور سکندر جمالی گوٹھ میں پولیس مقابلوں کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

دوسری جانب سی پی ایل سی اور اینٹی وائیلینٹ کرائم سیل نے ماڑی پور میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی بینکر فیضان فاروقی کو بازیاب کروا لیا تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ اغوا کاروں نے مغوی کی بازیابی کے عوض ساڑھے چار کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔
Load Next Story