وقت آنے پر عسکری حکام کی تقرریوں سے متعلق ناموں کا اعلان کردیاجائے گا پرویزرشید

عوام سے پہلے ہم نے سخت فیصلوں کی کڑوی گولی کھائی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات

سوئس بینکوں سے متعلق کیسز عدالت میں ہیں اور وہی انکا فیصلہ کریں گی۔، پرویز رشید فوٹو: فائل

لاہور:
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کہتے ہیں کہ عسکری حکام کی تقرریوں سے متعلق چھپنے والی خبروں میں صداقت نہیں، وقت آنے پر عسکری حکام کی تقرریوں سے متعلق ناموں کا اعلان کردیاجائے گا۔


لاہور میں تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئےوفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی میڈیا میں آرمی چیف اور چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرریوں سے متعلق کئی خبریں شائع اور نشر ہورہی ہیں تاہم ان میں سے کسی میں بھی صداقت نہیں، حکومت اعلیٰ عسکری حکام کی تقرری کا وقت آنے پر ناموں کا اعلان کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے ذریعے ہی پاکستان کے مسائل حل ہوسکتے ہیں، ہم عوام کی جانب سے کئے جانے والے احتساب سے ڈرتے ہیں اس لئے عوام سے پہلے ہم نے سخت فیصلوں کی کڑوی گولی کھائی ہے، انہوں نے کہا کہ سوئس بینکوں سے متعلق کیسز عدالت میں ہیں اور وہی ان کا فیصلہ کریں گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے، بجلی چوری پر قابو پالیا جائے تو لوڈ شیڈنگ پر کسی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے ، اس سلسلے میں حکومت نے ہر گرڈ اسٹیشن کے ساتھ ایک اسمارٹ میٹر نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے گرڈ اسٹیشن نے فراہم کی جانے والی بجلی کا ریکارڈ حاصل ہوسکے گا اور گرڈ کا انچارج استعمال کی گئی بجلی کے واجبات کی وصولی کا ذمہ دار ہوگا اپنی ذمہ داری پوری نہ کرسکنے والے اہلکاروں کو فارغ کردیا جائے گا۔
Load Next Story