مولانا فضل الرحمان اپنی ڈوبتی سیاست بچا رہے ہیں وزیراعظم

مدارس میں اصلاحات کے بعد طلباء سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہو سکیں گے اس لئے مولانا پریشان ہیں، وزیراعظم

مولانا فضل الرحمان کے دھرنے سے کوئی پریشانی نہیں ہے، عمران خان۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنی ڈوبتی سیاست بچا رہے ہیں اور وہ مدارس میں اصلاحات پر زیادہ پریشان ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے موجودہ معاشی صورتحال اور معیشت کی بحالی کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن کے احتجاج پر بھی بات چیت کی گئی، اراکین اجلاس کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اب 27 اکتوبر کی تاریخ نہ بدلیں اور اسلام آباد آ جائیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اپنی ڈوبتی سیاست بچا رہے ہیں، وہ مدارس اصلاحات پر ذیادہ پریشان ہیں، مدارس میں اصلاحات سے طلباء ایسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہو سکیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے سے کوئی پریشانی نہیں ہے، تحریک انصاف سب سے بڑی عوامی قوت ہے، احتجاجی تحریکوں کا مقصد این آر او کے لیے دباؤ ڈالنا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے حکومتی بیانیے کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے ترجمانوں کو کہا کہ عوام کو حکومت کی کامیابیوں سے مؤثر طریقے سے آگاہ کیا جائے، اور مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کے مقاصد سے بھی آگاہ کریں۔


پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی ترجیحات میں شامل

قبل ازیں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داوٴد، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز اسٹیل ملزعامر ممتاز اور وزیر نجکاری میاں محمد سومرو نے شرکت کی، اجلاس میں اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق کی جانے والی کوششوں اور مختلف امور پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے چین اور روس کی کمپنیوں نے اظہار دلچسپی کیا ہے، اور اس حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سرکاری خزانے پر بوجھ بننے والے اس ادارے کی بحالی کو ماضی کی حکومتوں کی جانب سے فراموش کیا جانا قوم پر ظلم کے مترادف ہے، پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کو بحال کرکے اسے منافع بخش ادارہ بنایا جائے، جس سے سرکاری خزانے پر ہر ماہ پڑنے والے بوجھ ختم ہوگا وہیں ادارے کو اتنا فعال بنایا جائے گا کہ وہ ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔

 
Load Next Story