آئندہ سال قومی گرڈ میں 12 سو میگاواٹ بجلی شامل ہوگی یو ایس ایڈ
یوایس ایڈ کے مطابق ادارہ ایک توانائی پالیسی پر عمل کررہا ہے جو بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے نظام میں حکومت پاکستان کی پالیسی اصلاحات میں تعاون کرے گی، پالیسی کا مقصد قومی گرڈ میں بارہ سو میگاواٹ بجلی شامل کرنا ہے، یوایس ایڈ کے مطابق رواں سال ایک ہزار میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی جس سے بیس لاکھ سے زائد گھریلو صارفین اور کاروبار کو سہولت ملے گی جس سے اقتصادی ترقی کی رفتار تیز ہوگی ۔
آئندہ سال مزید دو سو میگاواٹ بجلی بھی فراہم کی جائے گی ۔امریکا اور پاکستان نے تربیلا بجلی گھر کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے جس سے اس کی پیداواری صلاحیت میں ایک سو اٹھائیس میگاواٹ کا اضافہ ہوا۔دونوں ملک بجلی کی پیداوار میں سو میگا واٹ اضافے کیلیے منگلا ڈیم کے جنریٹروں کی دیکھ بھال اور مرمت بھی کررہے ہیں۔ اْنہوں نے سندھ میں جامشورو بجلی گھر اور پنجاب میں مظفر گڑھ پلانٹ کوبھی بہتر بنایا ہے جس سے سات سو پچاس میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی۔