آئی ایم ایف ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس 11 اکتوبر کو ہونگے

عالمی اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا، پاکستان کی نمائندگی وزیر خزانہ کرینگے

عالمی بینک پاکستان کو 15 منصوبوں کی تکمیل کیلیے 2ارب 20 کروڑ ڈالر دیگا، ذرائع۔ فوٹو: فائل

عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اہم سالانہ اجلاس 11اکتوبر سے واشنگٹن میں شروع ہوں گے جن میں عالمی اقتصادی ومعاشی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ اجلاسوں میں شریک ممالک کے نمائندے آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے حکام کو اقتصادی پروگرام سے آگاہ کریں گے۔

آن لائن کے مطابق بورڈزکے ان اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی اعلیٰ سطح کاوفد کرے گاجس کی سربراہی وزیرخزانہ اسحاق ڈارکریں گے۔ وزیرخزانہ امریکامیں قیام کے دوران امریکی محکمہ خارجہ اور اوورسیز پرائیویٹ انویسٹمنٹ کارپوریشن اوپی آئی سی سمیت دیگر اداروں کے حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔




ادھراسلام آبادسے آئی این پی کے مطابق عالمی بینک پائپ لائن میں موجود15منصوبوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کو 2ارب 20 کروڑ ڈالرقرضہ فراہم کرے گا۔ اقتصادی امورڈویژن کو بتایا گیاہے کہ اس رقم میں داسوہائیڈرو پاورپروجیکٹ کے لیے 50 کروڑ ڈالراور پاورڈی ایل آئی پروجیکٹ کے لیے 30کروڑ ڈالرشامل ہیں۔ اس کے علاوہ سندھ میں بیراجوں کی تعمیرپر 15کروڑ ڈالراور زرعی شعبے کی افزائش کے لیے10 کروڑ ڈالرقرضہ فراہم کیا جائے گا۔ عالمی بینک انڈس ریور کنیکٹیوٹی پروجیکٹ کے لیے10 کروڑڈالر اور غذائی تحفظ کے منصوبوں کے لیے 5کروڑ 10لاکھ ڈالر کاقرضہ بھی فراہم کرے گاتاہم یہ تمام منصوبے اس وقت پائپ لائن میںہیں۔
Load Next Story