موجودہ حالات میں پاکستان کے ساتھ مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے بھارتی صدر

پرناب مکھرجی نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر سرحد پار دہشتگردوں کی حمایت کا الزام عائد کردیا

توقع ہے نواز شریف منموہن کے ساتھ وعدے پورے کرینگے،بھارتی صدر۔فوٹو: رائٹرز/فائل

بھارت کے صدر پرناب مکھرجی نے کہا ہے کہ پاکستان جب تک اپنی سرزمین پر دہشتگردوں کے کیمپ اور دہشتگردی کا انفراسٹرکچر ختم نہیں کرتا، تب تک اسکے ساتھ جامع مذاکرات میں پیش رفت ممکن نہیں۔


توقع ہے نواز شریف منموہن کے ساتھ وعدے پورے کرینگے، موجودہ ماحول میں پاکستان کیساتھ مذاکرات آگے بڑھنا مشکل ہیں۔ ترک اخبارات اور ٹی وی چینلز کو انٹرویو میں پرناب مکھرجی نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر سرحد پار دہشتگردوں کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جب تک پاکستان اپنی سرزمین پر دہشتگردوں کے کیمپ اور انفراسٹرکچر کو ختم نہیں کرتا، اس وقت تک دونوں کے درمیان مذاکرات میں کسی پیش رفت کا امکان نہیں۔ مکھرجی نے کہا کہ ہم نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں نے آپ کی سرزمین پر جو دہشتگردی کے کیمپ قائم کر رکھے ہیں ان کو ختم کیا جائے۔

بھارتی صدر نے کہا کہ جب تک دہشتگردی اور خوف کا ماحول پیدا کیا جاتا رہا تو اس صورت میں آپ مذاکرات میں دوسرے نئے امور پر کیا بات کریں گے، ہم توقع کرتے ہیں کہ میاں نواز شریف بھارتی وزیر اعظم سے انفراسٹرکچر کے خاتمے کے حوالے سے وعدوں پر عملدرآمد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک میں وزیر اعظم منموہن سنگھ اور نواز شریف کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں دہشتگردی سے متعلقہ پہلوئوں پر بات کی گئی اور اس سے متعلقہ مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ پرناب مکھرجی نے کہا کہ ہم میاں نواز شریف کی جانب سے بھارت کے حوالے سے خیرسگالی کے جذبے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ہماری سوچ میں یہی چیز مشترک ہے۔
Load Next Story