میری اور ڈیانا کی محبت لازوال ہے انہیں ہر لمحہ ساتھ محسوس کرتا ہوں ڈاکٹر حسنات

ڈیانا فلاحی کاموں میں بہت زیادہ دلچسپی لیتی تھیں اور ان کی اسی عادت نے مجھے بھی اس جانب راغب کیا، ڈاکٹر حسنات

میں جب بھی غریب بچوں کا آپریشن کرتا ہوں تو مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ڈیانا میرے ساتھ ہیں اور میرا حوصلہ بڑھا رہی ہیں، ڈاکٹرحسنات فوٹو: فائل

آنجہانی برطانوی شہزادی ڈیانا کے سابق دوست ڈاکٹر حسنات کا کہنا ہے کہ ان کی اور ڈیانا کی محبت لازوال ہے،ان کی موت کو 17 سال بیت گئے ہیں لیکن اب بھی وہ انہیں بھلا نہیں پائے ۔

غیر ملکی جریدے کو دیئے گئے انٹرویو میں ڈاکٹر حسنات نے کہا کہ ڈیانا آج بھی ہر پل ان کے ساتھ ہیں اور ان کی موت کے حوالے سے کسی سے بات کرنا ان کے لئے تکلیف کا باعث ہوتا ہے، آنجہانی شہزادی فلاحی کاموں میں بہت زیادہ دلچسپی لیتی تھیں اور ان کی اسی عادت نے انہیں بھی اس جانب راغب کیا اور انہوں نے افریقا میں طبی مشن شروع کیا جو آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جب بھی غریب بچوں کا آپریشن کرتے ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ڈیانا ان کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ تم ان بچوں کی مدد کر کے بالکل ٹھیک کر رہے ہو۔


لیڈی ڈیانا کی زندگی سے متعلق بننے والی حالیہ فلم کے بارے میں ڈاکٹر حسنات نے کہا کہ اس فلم کی کہانی میں کافی چیزیں سچائی پر مبنی نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ فلم کے برعکس ان کے اہل خانہ نے کبھی بھی ان دونوں کے رشتے پرانگلی نہیں اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والدین اور دادا دادی ڈیانا کو پسند کرتے تھے اور ہمارے رشتے کے لئے رضامند تھے۔

واضح رہے کہ برطانوی نژاد پاکستانی ڈاکٹر حسنات اور لیڈی ڈیانا کے درمیان رومانس کئی برسوں تک چلا تھا اور اس حوالے سے کہا جاتا رہا ہے کہ لیڈی ڈیانا خود ڈاکٹر حسنات کے گھر والوں کو منانے لاہور آئی تھیں تاہم ناکامی پر وہ مصری نژاد تاجر دودی الفائد کے قریب آئیں اور ان ہی کے ہمراہ ایک کار حادثے میں ان کا انتقال ہوگیا۔
Load Next Story