کراچی میں فائرنگ ڈاکٹر سمیت 4افراد ہلاک

اورنگی ٹاؤن میں دہشت گردوں نے قطر اسپتال کے سینئر میڈیکل افسر کو نشانہ بنایا

ڈاکٹر عرفان اپنے میڈیکل سینٹر میں تھے، لیاری میں شیراز کامریڈ گروپ کا کارندہ قتل فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں قطر اسپتال کے سینئر ڈاکٹر سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔

اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود سیکٹر 1/C میں کالی پہاڑی کے قریب واقع منہاج میڈیکل سینٹر میں2 نامعلوم مسلح ملزمان نے گھس کر ایک شخص کو قتل کردیا گیا اور فرار ہو گئے۔مقتول کو فوری طور پر قطر اسپتال منتقل کردیا گیا، اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن غلام بنی میمن نے ایکسپریس کو بتایا کہ قتل کیے جانے والے شخص کی شناخت 54 سالہ ڈاکٹر عرفان الدین قریشی ولد منہاج الدین قریشی کے نام سے ہوئی ہے اور مقتول قطر اسپتال کے سینئر میڈیکل افسر بھی تھے۔مقتول نارتھ ناظم آباد بلاک جے امام کلینک کے عقب میں رہائش پذیر تھے۔

انھوں نے 3 بیٹیوں اور ایک بیٹے کو سوگوار چھوڑا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر عرفان قریشی اپنے پرائیویٹ منہاج میڈیکل سینٹر میں بیٹھے ہوئے تھے کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار 2ملزمان آئے۔ ایک ملزم موٹر سائیکل سے اتر کر میڈیکل سینٹر میں داخل ہوا اور سیدھا ڈاکٹر عرفان نے کمرے میں داخل ہو گیا اور فائرنگ کر کے فرار ہوگیا۔ مقتول ڈاکٹر کو سر اور گردن میں 4گولیاں لگیں جو ان کی موت کا سبب بنیں، پولیس کو جائے وقوعہ سے نائم ایم ایم پستول کے 4خالی خول ملے ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے فنگر پرنٹ اور واقعاتی شواہد بھی جمع کر لیے ہیں ۔ پولیس کے مطابق مقتول کے اہلخانہ نے بتایا کہ مقتول کو کبھی بھی دھمکیاں نہیں ملی تھیں اور نہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی تھی۔ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس نے اپنی تفتیش شروع کردی ہے۔




بغدادی تھانے کے علاقے موسیٰ لین معصومین میٹرنٹی ہوم کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ ایس ایچ او بغدادی منیرچانڈیو نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے کی شناخت 40 سالہ ایاز نیازی عرف پٹھان ولد یوسف نیازی کے نام سے ہوئی ہے جو موسیٰ لین کا رہائشی تھا۔ مقتول کا تعلق لیاری گینگ وار کے شیراز کامریڈ گروپ سے تھا اور واقعہ 2گروپوں کے درمیان تنازع کا شاخسانہ ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مقتول کے خلاف 2012 میں قتل کا مقدمہ نمبر 168/2013بھی درج ہے جس میں مقتول نے مخالف افراد سے راضی نامہ کر لیا تھا۔

واقعے کے بعد لیاری کے مختلف علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی اور نامعلوم افراد نے دکانیں اور کاروبار بند کرا دیا جبکہ مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے جنھوں نے رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک بلاک کرادی اور وقفے وقفے سے ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کرتے رہے۔ علاوہ ازیں بلدیہ نمبر7 کوکن کالونی کالا چوک کے قریب فائرنگ سے3 افراد 16سالہ نظام الدین ولد علاؤ الدین، 23 سالہ محمد ساجد ولد مرزا اقرار اور28 سالہ محمد زمین ولد محمد زرین زخمی ہو گئے جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایس ایچ او بلدیہ تھا نہ بلدیہ پرویز خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ فائرنگ زخمی شخص نظام الدین کے بڑے بھائی غلام محی الدین نے کی ہے اور واقعہ ذاتی جھگڑے کا نتیجہ ہے۔ سپر ہائی وے مویشی منڈی میں جھگڑے کے دوران چھری کے وار سے 28سالہ امتیاز احمد ولد منظور احمد زخمی ہو گیا ۔

خواجہ اجمیر نگری کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 5-B/1 چائے کے ہوٹل پر موٹر سائیکل سوا ر2 نقاب پوش ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے 55 سالہ عبدالسلام ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابقمقتول کو مخبری کے شبے پر قتل کیا گیا ہے،چند روز قبل مقتول کی گلی میں رہائش پذیر ایک مذہبی جماعت کے کارکن نے مکینوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی تھیں کہ کچھ لوگ میری مخبری کر رہے وہ بعض آجائیں۔ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے دہلی کالونی کے ایک مکان سے 50 سالہ رخسانہ بانو کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کر دیا۔

واردات کی اطلاع پولیس کو مقتولہ کے بھانجے ناظم نے دی جو فیکٹری سے واپس آیا تو خالہ کی خون میں لت پت لاش پڑی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے مقتولہ غیر شادی شدہ تھی جبکہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ سہراب گوٹھ کے علاقے گلشن معمار احسن آباد میں فائرنگ سے 60 سالہ حبیب الرحمٰن،سرجانی ٹاؤن خدا کی بستی میں45 سالہ محمد شفیع زخمی ہوگیا۔
Load Next Story