بڈھ بیر انسداد پولیو مرکز کے قریب دھماکا2پولیس اہلکار شہید10زخمی

پولیس اہلکاروں کے سلیمان خیل کے صحت مرکز پہنچتے ہی زور دار دھماکاہوا، نماز جنازہ میں گورنر، صوبائی وزراکی شرکت

پشاور: انسداد پولیو مرکز سلیمان خیل کے قریب بم دھماکے کے بعد برآمد ہونیوالے ایک اور بم کو محفوظ جگہ پر تباہ کردیا گیا،جائے وقوع سے دھواں اٹھ رہا ہے ۔ فوٹو : آئی این پی

پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں بنیادی مرکز صحت کے سامنے بم دھماکے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ پولیس کے 10قومی رضاکار زخمی ہو گئے جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

جنہیں فوری طور پر ایل آر ایچ منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پرکئی کلو وزنی بم ناکارہ بنادیا۔ایس ایس پی آپریشنز پشاور نجیب الرحمٰن کے مطابق پیر کو پولیس اہلکارانسداد پولیو مہم کے سلسلے میں جارہے تھے کہ سلیمان خیل کے علاقے میں واقع بنیادی مرکزی صحت کے قریب جب پولیس کی گاڑی پہنچی تو زوردار دھماکا ہوا، پولیس نے ابتدائی طور پر دھماکے میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی تھی۔

تاہم بعد ازاں اسپتال اور اعلیٰ پولیس حکام نے واقعے میں 2 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی جن میں تھانہ بڈھ بیر کا محرر اے ایس آئی ساجد حسین اور کانسٹیبل نیازگل موقع پر شہید جبکہ پولیس کے قومی رضاکار عالمزیب، آصف اللہ، فدا محمد، حکیم، عمران، عرفان اللہ، جاوید خان، خورشید، ذکریا احمد، راشد خان، شاہکارگل، عمر اور زیور خان شدید زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب مرکز صحت میں انسداد پولیو ٹیم کے ارکان جمع تھے۔واقعے کے بعد پولیس اور بم ڈسپوزل ٹیم کے ارکان جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اورجائے وقوعہ کو چاروں طرف گھیرے میں لے لیا۔بی ڈی ایس کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے وال بم 4 کلو وزنی تھا جبکہ تقریبا 8کلوکا بم ناکارہ بنادیاگیا ۔




جس سے بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران خیبر پختونخوا میں انسداد پولیو ٹیم کے ارکان پر 10حملے ہوئے ہیں جن میں 13افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوںمیں انسداد پولیو ورکرز اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا میں گزشتہ سال 24 سے زائد بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ دریں اثنا شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے میتوں کو سلامی پیش کی۔ گورنر خیبر پختونخوا انجینئرشوکت اللہ خان، سینئر صوبائی وزیر سکندر شیرپاؤ ممبران صوبائی اسمبلی، آئی جی پی اور کمشنر پشاور نے تابوتوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی۔ نمازجنازہ میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور پولیس افسروں و جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ٹانک سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق تھانہ صدر پولیس نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے کچکئی سے تعلق رکھنے والے60 سالہ گلاب خان کو لغاری مارکیٹ کے قریب فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

جبکہ تھانہ ملازئی کے علاقے ابیذری میں شادی میں رات کے وقت میوزیکل پروگرام کے دوران فائرنگ سے22سالہ اشفاق ہلاک ہوگیا۔ چارسدہ سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق پولیس اسٹیشن خان مائی کے علاقے بہلولہ میں نامعلوم افراد نے جان سید کے گھر پر رات کے وقت دستی بم پھینکا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدم درج کرلیا۔

پشاور سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق کچہ گڑھی کیمپ کے قریب بیگ سے ملنے والے دھماکا خیز مواد کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا۔ بیگ کی تلاشی لینے پر 2 دستی بم،2 کلوگرام بارودی مواد اور 12 وولٹ کی بیٹری برآمد ہوئی۔حیات آباد پولیس نے نامعلوم شرپسندوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔باجوڑ ایجنسی کی تحصیل خار کے علاقے فلنگ میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا۔
Load Next Story