لاش کی بے حرمتی کرنیوالے 19افراد پر مقدمہ درج

واقعے پربھیل برادری کا احتجاج، کارروائی کا مطالبہ، تھانے دار ہٹا دیا گیا

بھورو بھیل کی لاش کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔مظاہرین

پنگریو شہر میں 2روز قبل مشتعل افراد کی جانب سے مبینہ طور پر حادثے میں ہلاک ہونیوالے لوک فنکار بھورو بھیل کی دفن کی گئی۔

لاش قبر سے باہر نکالنے کے الزام میں پنگریو تھانے پر لاش کی بے حرمتی کرنے پر 19 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی، جبکہ مبینہ طور پر پنگریو میں لاش کی بے حرمتی کے واقعے میں غفلت اور لاپرواہی پر ایس ایس پی بدین شوکت کھٹیاں نے ایس ایچ او اصغر سیکڑو کا پولیس لائن تبادلہ کر کے انسپکٹر فاروق نظامانی کو ایس ایچ او تعینات کیا ہے۔




دوسری جانب حاجی فقیر قبرستان سے متوفی بھورو بھیل کی لاش قبر سے نکالنے کے خلاف ٹنڈو باگو میں بھیل برادری نے اقلیتی ونگ ضلع بدین کے صدر ڈاکٹر لال چند بھیل، گلاب بھیل ، لالو بھیل اور سومار بھیل کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا، اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے لاش کی بے حرمتی کرنیوالوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

مقررین نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی اپیل کی کہ سندھ کے قدیمی باشندوں بھیل برادری کو مکمل تحفظ فراہم کیا اور بھورو بھیل کی لاش کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
Load Next Story