کامیابی کیلیے امن ضروری لیکن کبھی فضل الرحمان تو کبھی کوئی اور آجاتا ہے فواد چوہدری

ہمیں ہر جمعے کو ایک نئے مولوی سے نمٹنا پڑتا ہے، وفاقی وزیر

گزشتہ غلطیوں کی وجہ سے ہم روایتی ٹیکنالوجی پر انحصار کر رہے ہیں، فواد چوہدری فوٹو: فائل

لاہور:
وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کامیابی کے لیے امن ضروری ہے لیکن کبھی مولانا فضل الرحمان اور کبھی کوئی اور مولوی امن خراب کرنے نکل آتے ہیں۔

اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی کے لیے یہاں امن کا قیام ضروری ہے، ہمیں دس سے 15 سال کے لیے پر امن ملک چاہیے، ہمیں ہر جمعے کو ایک نئے مولوی سے نمٹنا پڑتا ہے، کبھی مولانا فضل الرحمان اور کبھی کوئی اور مولوی امن کو خراب کرنے نکل آتے ہیں۔


وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے ٹیکنالوجی پر کام نہیں کیا، ترقی یافتہ ممالک ٹیکنالوجی میں آگے گئے گزشتہ غلطیوں کی وجہ سے ہم روایتی ٹیکنالوجی پر انحصار کر رہے ہیں، آج بھی چاند دیکھنے کے لیے سمجھانے پر سر کھپانا پڑتا ہے، معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، نئے پاکستان کا مقصد ہی نئی ٹیکنالوجی اور جدت کو متعارف کرانا ہے،

فواد چوہدری نے کہا کہ نوجوانوں کو مواقع دینے سے معیشت میں بہتری آئے گی،دنیا میں فوسل اکانومی بائیو اکانومی میں تبدیل ہو رہی ہے، ہم توانائی کو محفوظ کرنے کے لیے تجربات کر رہے ہیں۔

سیمینار سے خطاب سے قبل ایک موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ احتساب پر نا تو ڈیل ہوگی اور نہ کوئی شہربند ہوگا، مدرسے کے بچوں کوچارے کے طورپراستعمال نہیں ہونے دیں گے ، مولانا فضل الرحمان کے احتجاج کے حوالے سے حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ احتجاج سیاسی حق ہے،آئین اورسپریم کوٹ فیصلوں کے مطابق چلیں تواحتجاج پرکوئی اعتراض نہیں، حکومت مذاکرات کرے گی۔
Load Next Story