شعیب ملک کی کارکردگی کیریبیئن لیگ کو بھا گئی

مسلسل10فتوحات کا ریکارڈ بنانے اور بہتر بیٹنگ پرڈریم ٹیم کے کپتان منتخب

مسلسل10فتوحات کا ریکارڈ بنانے اور بہتر بیٹنگ پرڈریم ٹیم کے کپتان منتخب۔ فوٹو: فائل

شعیب ملک کی کارکردگی کیریبیئن پریمیئر لیگ کو بھا گئی، انھیں ڈریم ٹیم کاکپتان منتخب کرلیا گیا۔

گیانا ایمازون کی قیادت کرنے والے شعیب ملک کو کیریبیئن پریمیئر لیگ کی ڈریم ٹیم کاکپتان بنا دیا گیا،کرکٹرز کا انتخاب سی پی ایل کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ٹام موڈی اور مبصرین مارک باؤچر، ڈینی موریسن، ڈیرک نینس، ای این بشپ اور ڈیرن گنگا پر مشتمل پینل نے کیا۔

ٹیم میں لینڈل سیمنز، برینڈن کنگ، گلین فلپس، شعیب ملک(کپتان)، فابیان ایلن،کیرون پولارڈ، جیسن ہولڈر، ہیڈن واش جونیئر، عمران طاہر، ہیری گرنی اور شیلڈن کاٹرل کو شامل کیا گیا ہے،12ویں کھلاڑی کرس گرین اور 13ویں چندرپال ہیمراج ہیں، ہیڈ کوچ جوہان بوتھا کو مقرر کیا گیا ہے۔


کیریبیئن لیگ میں شعیب ملک نے نہ صرف عمدہ قیادت کی بلکہ انفرادی کارکردگی بھی شاندار رہی،ان کی ٹیم گیانا ایمازون نے گروپ مرحلے میں مسلسل 10فتوحات کا ریکارڈ قائم کیا اور ابھی تک ناقابل شکست ہے، انھوں نے 78.25کی اوسط سے 313رنز بنائے ہیں،ان کی ٹیم کے مزید2 کھلاڑی بھی ڈریم ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں، ٹورنامنٹ میں 453رنز اسکور کرنے والے برینڈن کنگ اور 15شکار کرنے والے عمران طاہرکو بھی سلیکشن پینل نے منتخب کیا۔

یاد رہے کہ شعیب ملک ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے لیکن ورلڈٹی ٹوئنٹی میں ملک کی نمائندگی کے خواہاں ہیں، ان کو سری لنکا سے سیریز کیلیے زیر غور نہیں لایا گیا تھا،احمد شہزاد اور عمراکمل کی واپسی کا تجربہ ناکام ہونے کے بعد ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح ایک بار پھر شعیب ملک اور حفیظ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

 
Load Next Story