امریکا کا ڈھائی سو ارب ڈالر مالیت کی چینی درآمدات پر اضافی محصولات معطل کرنے کا اعلان

اضافی محصولات آئندہ منگل سے لاگو ہونا تھے،چین نے بھی40 سے50ارب ڈالر مالیت کی امریکی زرعی مصنوعات خریدنے کی حامی بھرلی

صدر ٹرمپ سے چینی نائب وزیر اعظم لیو ہی کی ملاقات (فوٹو: فائل)

امریکا نے ڈھائی سو ارب ڈالر مالیت کی چینی درآمدات پر اضافی محصولات معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے، یہ اضافی محصولات آئندہ منگل سے لاگو ہونا تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس اوول آفس میں چین کے نائب وزیر اعظم اور چین امریکا اعلیٰ سطح مذاکراتی چینی ٹیم کے سربراہ لیو ہی نے ملاقات کی ہے۔ چینی رہنما نے ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ کو چین کے صدر شی جن پنگ کا پیغام بھی پہنچایا۔

چینی صدر نے اپنے پیغام میں کہاکہ مذاکرات سے خیر سگالی کی فضا پیدا ہوئی ہے۔ بین الاقوامی برادری اور دونوں ملکوں کے عوام نے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔ لیو ہی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ حاصل ہوا ہے۔


صدر ٹرمپ نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی مذاکراتی ٹیمیں معاہدے کے پہلے مرحلے کا متن مکمل کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گی۔

دوسری جانب چین نے بھی 40 سے50 ارب ڈالر مالیت کی امریکی زرعی مصنوعات خریدنے کی حامی بھری ہے۔ یوں دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے مابین گزشتہ15ماہ سے جاری کشیدگی اور تجارتی جنگ میں اب کمی آتی دکھائی دے رہی ہے۔ یہ پیش رفت جمعرات اور جمعہ کو واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات کے بعد سامنے آئی ہے۔ مزید سنجیدہ معاملات آئندہ مذاکراتی مراحل میں زیر بحث آئیں گے۔

 
Load Next Story