افغانستان میں طالبان کے قاتلانہ حملے میں گورنر ہلاک

حملے کہ ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے

ضلعی گورنر تربیتی سیشن میں شرکت کے لیے کابل آئے تھے۔ فوٹو : افغان میڈیا

افغانستان میں مسلح افراد نے ضلعی گورنر راز محمد وزیری کے قافلے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں گورنر ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں تحصیل جغاتو کے ضلعی گورنر راز محمد وزیری پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے جس میں گورنر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ حملہ آور فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

کابل پولیس ڈائریکٹریٹ کے ترجمان فردوس فرامراز نے قاتلانہ حملے میں ضلعی گورنر کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔ دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھیں گے جنہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔


یہ خبر پڑھیں: افغان فوج کی کارروائی میں القاعدہ کا اہم رہنما 6 ساتھیوں سمیت ہلاک

تین روز قبل افغان صوبے ہلمند میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ میں داعش ایشیا کے سربراہ عمر عاصم اپنے 6 دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مارا گیا تھا۔ یہ افغان سیکیورٹی کی بڑی کامیابی سمجھی جارہی تھی۔

واضح رہے کہ افغانستان میں صدارتی الیکشن کے بعد سے طالبان کے حملوں میں تیزی دیکھی گئی ہے، امریکا کی جانب سے امن مذاکرات کے خاتمے کے اعلان نے صورت حال کو مزید کشیدہ کردیا ہے اور 17 برس سے جاری جنگ کے خاتمے کی امیدیں دم توڑتی نظر آرہی ہیں۔
Load Next Story