ملتان میں ’’نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ‘‘ کا آغاز تعمیرات کیلیے جگہ مختص

ابتدائی طور پر جدید طرز کے فلیٹس کو 30 لاکھ مالیت میں آسان اقساط پر دیا جائے گا، صوبائی وزیر ہاؤسنگ

کم آمدنی والے گھرانوں کے لئے سہ منزلہ فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے، میاں محمود الرشید ۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر حکومت پنجاب کی جانب سے ملتان میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کا آغاز کردیا گیا جس کے لیے جگہ بھی متخص کردی گئی۔

حکومت پنجاب نے مدنی چوک پر سرکاری اراضی کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے لیے مختص کردیا ہے اور اس سلسلے میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے ملتان میں منصوبے کی مجوزہ جگہ کا دورہ کیا اور محکمہ ہاؤسنگ سے تفصیلی بریفنگ لی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا کہ حکومت مستحق افراد کو اپنی چھت کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہی ہے، کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے سہ منزلہ فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے۔

یہ پڑھیں :ہاؤسنگ اسکیم میں فنانسنگ کیلیے بینکوں کو مراعات دینے کا فیصلہ

صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ اس سلسلے میں ملتان میں ابتدائی طور پر جدید طرز کے فلیٹس کو 30 لاکھ مالیت میں آسان اقساط پر دیا جائے گا اور مدنی چوک پر 23 کنال سے زائد اراضی پر 384 فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے۔


میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیم میں مسجد، چار دیواری، پارک اور جدید ہیلتھ سینٹر بھی قائم کیا جائے گا، حکومت پنجاب کی جانب سے رواں برس منصوبے پر عملی کام کا آغاز کردیا جائے گا جب کہ شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹیز کا اعلان کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ مظفر گڑھ روڈ پر بھی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز کیا جائے گا جہاں کم آمدنی والا ہر شہری اپنے گھر کے لیے درخواست دے سکتا ہے جب کہ لودھراں میں کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے اسکیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں 10 لاکھ رجسٹرڈ، کراچی کے سب سے کم افراد

انہوں نے کہا کہ 7 بڑے شہروں میں دو لاکھ گھروں کی تعمیر کا آغاز ایک برس میں کردیا جائے گا، حکومت نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں نجی سیکٹر کو بھی شامل کررہی ہے۔

اس موقع پر معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب جاوید اختر انصاری اور ایم پی اے ظہیرالدین علیزئی، چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر پھاٹا طاہر انصاری نے شرکاء کو ہاؤسنگ اسکیم پر بریفنگ دی۔
Load Next Story