برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن اسلام آباد پہنچ گئے
برطانوی شاہی جوڑا اسلام آباد پہنچ گیا جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نور خان ایئربیس پہنچے جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، دیگر وفاقی وزرا، دفتر خارجہ حکام اور برطانوی سفارت کاروں نے شاہی جوڑے کا استقبال کیا۔ شاہی جوڑے کے ہمراہ ان کے بچے نہیں ہیں ان کے ساتھ بھاری بھرکم سیکیورٹی ٹیم بھی پاکستان پہنچی ہے، 40 سے زائد ڈاکٹرز، پیرا میڈکس اور طبی عملہ بھی سیکیورٹی ٹیم کا حصہ ہے۔
شہزادہ ولیم اور اہلیہ 15 اکتوبر کو صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے، علاوہ ازیں ایف سیون اسکول، کالج کا دورہ، نجی ادارے کے اجلاس میں شرکت کے ساتھ پاکستان مانومنٹ پر منعقدہ خصوصی تقریب کا حصہ بھی ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا 16 اکتوبر کو لاہور میں ایس او ایس ویلیج، ایچیسن کالج اور شوکت خانم اسپتال لاہور کا دورہ کرے گا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر تاحال بادشاہی مسجد اور مینار پاکستان کے دورے کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔ ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا 17 اکتوبر کو چترال جائے گا، مقامی افراد سے ملے گا جبکہ بہترموسم ، سیکیورٹی مسائل نہ ہوئے تو برطانوی مہمان درہ خیبر، قلعے کا دورہ بھی کرے گا۔
شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا 18 اکتوبر کو فیصل مسجد کے دورے کا بھی امکان ہے، برطانوی شاہی جوڑا 18 اکتوبر دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ائیر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائے گا۔