2 روزہ میچ یو اے ای کے بچے بھی پاکستان پر بھاری پڑ گئے

317 پر رخصت ،یونس خان نے 103 کی اننگز کھیل کر رسوائی سے بچایا، عدنان اکمل 71 اور عبدالرحمان 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے

شارجہ میں پاکستانی نوجوان کرکٹرز افریقی شیروں کے سامنے ڈٹ گئے، 4 وکٹ پر 230 رنز، احمد شہزاد اور شان مسعود نے ففٹیز جڑ کر ٹیسٹ کیس مضبوط کرلیا۔ فوٹو: فائل

یو اے ای کے بچے بھی پاکستان پر بھاری پڑگئے، 2 روزہ پریکٹس میچ میں پوری ٹیم317 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

یونس خان نے 103 کی اننگز کھیل کر رسوائی سے بچایا، عدنان اکمل 71 اور عبدالرحمان 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، دونوں ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے، مصباح 27 پر رن آؤٹ ہوگئے۔ ادھر شارجہ میں پاکستانی نوجوان کرکٹرز افریقی شیروں کے سامنے ڈٹ گئے، سہ روزہ میچ کے دوسرے روز 4 وکٹ پر 230 رنز بنا دیے، احمد شہزاد اور شان مسعود نے ففٹیز جڑ کر ٹیسٹ کیس مضبوط کرلیا، اظہر علی نے بھی نصف سنچری بنائی، فیصل اقبال صرف 10 رنز پر آؤٹ ہوگئے، 78 اوورز میں پروٹیز بولرز کے ہاتھ صرف 2 وکٹیں آئیں،اتنے ہی پلیئرز ریٹائر آؤٹ ہوئے، اس سے قبل جنوبی افریقہ نے 8 وکٹ 354 رنز پر اننگز ڈیکلیئرڈ کی، فاف ڈوپلیسس نے 34 رنز بنائے۔

تفصیلات کے مطابق شارجہ میں متحدہ عرب امارات سے دوروزہ میچ کے پہلے دن پاکستانی ٹیم 317 رنز پر آؤٹ ہوگئی، صرف 12 کھلاڑی دستیاب ہونے کی وجہ سے خرم منظور کے ساتھ عدنان اکمل کو بطور اوپنر بھیجا گیا، خرم ایک رن پر اسد اللہ شریف کی گیند پر بولڈ ہوگئے، پھر میزبان بولرز کیلیے یونس خان اور عدنان اکمل کو زیر کرنا مشکل ہوگیا ان کی اس وقت جان میں جان آئی جب یونس 160 گیندوں پر 103 اور عدنان 136 بالز پر 71 رنز بناکر ریٹائر آؤٹ ہوگئے، مصباح الحق اپنی روایتی بیٹنگ کے جوہر نہیں دکھا پائے اور 27 پر رن آؤٹ ہوئے، عبدالرحمان نے 52 رنز بناکر احمد رضا کو گیند واپس تھمائی،احمد اور ناصر عزیز نے 2،2 کھلاڑیوں کو رخصت کیا۔




دوسری جانب شارجہ کے بیٹنگ ٹریک کا پاکستان اے نے بھی بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے جنوبی افریقہ کو کرارا جواب دے دیا،اوپنرز شان مسعود اور احمد شہزاد نے اسکور کو 106 تک پہنچایا، دونوں نے ہی ففٹیز اسکور کرکے ٹیسٹ ٹیم میں دستیاب اوپنر کی جگہ کیلیے اپنا کیس مضبوط کرلیا۔ احمد شہزاد نے 105 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 10 چوکوں کی مدد سے 66 رنز اسکور کیے، انھوں نے بہترین شاٹس کھیلے تاہم ٹیمپرامنٹ کی کمی کے باعث وکٹ گنوا بیٹھے، روبن پیٹرسن کی عمدہ بولنگ سے تنگ آکر انھوں نے گیند کو شارٹ مڈ وکٹ کی جانب اچھال دیا جہاں موجود الویرو پیٹرسن نے آسان کیچ تھاما۔ کویت میں پیدا ہونے والے شان مسعود نے 140 بالز پر 50 رنز اسکور کیے انھوں نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ففٹی مکمل کرنے کے بعد ساتھی بیٹسمین کو موقع دینے کے لیے ریٹائر آؤٹ ہوگئے، فیصل اقبال صرف 10 رنز بناکر مورکل کی گیند پر اسمتھ کاکیچ بنے، 204 کے مجموعی اسکور پر جب اظہر علی نے ریٹائر آؤٹ ہونے کا فیصلہ کیا تو انفرادی اسکور 54 تھا۔

انھوں نے 109 میں سے چار بالزکو باؤنڈری کی سیر کرائی، جب دن کا اختتام ہوا تو اسد شفیق 32 اور کپتان عمر امین 10 رنز پر کھیل رہے تھے، پاکستانی نژاد اسپنر عمران طاہر 10 اوورز میں 34 اور فاسٹ بولر ڈیل اسٹین 13 اوورز میں 49 رنز دینے کے باوجود کوئی بھی وکٹ نہیں لے پائے۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے اپنی نامکمل اننگز 332 رنز سے شروع کی، گذشتہ روز 49 رنز پر ناٹ آؤٹ رہنے والے پال ڈومنی بیٹنگ کے لیے نہیں آئے اور ریٹائر آؤٹ ہوگئے، روبن پیٹرسن کو 8 رنز پر عمران خان نے وکٹ کیپر محمد رضوان کا کیچ بنایا، فاف ڈوپلیسس 34 رنز پر اعزاز چیمہ کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے اپنی اننگز ڈیکلیئرڈ کرنے کا اعلان کیا۔
Load Next Story