کراچی منگھو پیر میں دھماکے سے 3 دہشتگرد ہلاک

واقعے کے بعد منگھوپیر پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔

بم دسپوزل اسکواڈ کے مطابق موٹر سائیکل میں 4 سے 5 کلو دھماکا خیز مواد نصب تھا۔ فوٹو: ایکسپریس

منگھو پیر ایم پی آر کالونی میں دھماکے سے 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو کے مطابق منگھو پیر ایم پی آر کالونی میں 3 دہشت گرد موٹر سائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد اپنے ہدف کی جانب لے جا رہے تھے کہ راستے میں دھماکا ہو گیا اور اس کے نتیجے میں تینوں کی موت ہو گئی۔ ڈی آئی جی ویسٹ کا کہنا ہے کہ تینوں دہشت گرد جمعہ کے روز کسی بڑی دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ بم دسپوزل اسکواڈ کے مطابق موٹر سائیکل میں 4 سے 5 کلو دھماکا خیز مواد نصب تھا، دھماکا خیز مواد میں بارود کے ساتھ بال بیرنگ اور لوہے کے ٹکرے بھی استعمال کئے گئے تھے۔


واقعے کے بعد منگھوپیر پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے، پولیس کو تلاشی کے دوران جائے وقوعہ سے کئی موبائل سمز ملی ہیں جب کہ دہشت گردوں کے 2 شناختی کارڈز بھی قبضے میں لئے گئے ہیں جن کے مطابق ایک دہشت گرد کا نام رفیع اللہ ہے جو لیاری دریاآباد کا رہائشی ہے جب کہ دوسرے کی شناخت عصمت اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں دہشت گردوں کا تعلق بلوچستان میں قلع عبداللہ کی تحصیل گلستان سے ہے جب کہ تیسرے دہشت گرد کی شناخت ابھی نہیں کی جا سکی۔ پولیس نے تینوں دہشت گردوں کے جسمانی اعضا عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیئے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story