ورزش رحم کے کینسر کے خطرات کم کرتی ہے

ہر سال 7ہزار سے زاید برطانوی خواتین اس بیماری میں مبتلا ہوتی ہیں، تحقیق

عورتیں اپنے وزن کو مناسب حد میں رکھیں تو ان میں رحم کے کینسر کے خطرات50 فیصد تک کم ہوجائیں گے۔ فوٹو: فائل

برطانوی محققین نے کہا ہے کہ رحم کے کینسر کے خطرات کو ورزش، متوازن غذااور ممکنہ طور پر کافی کے استعمال سے کم کیا جا سکتا ہے۔

لندن کے امپیریل کالج کے محققین کی جانب سے ہونے والی اس تحقیق کے مطابق خواتین خود کو متحرک اور اپنے وزن کو مناسب حد میں رکھیں تو ان میں رحم کے کینسر کے خطرات50 فیصد تک کم ہوجائیں گے۔ اس تحقیق کی سربراہی کرنے والی ڈاکٹر ٹرسیا نورٹ کے مطابق روزانہ کم از کم تیس منٹ کی ورزش اور کافی کا مناسب استعمال بھی خواتین میں رحم کے کینسر کے امکانات کم کرتا ہے۔ تاہم ابھی تک اس بات کے شواہد ناکافی ہیں کہ لوگوں سے یہ کہا جائے کہ وہ کینسر سے بچاؤ کے لیے کافی پینا شروع کردیں۔ ڈاکٹر ٹرسیا نورٹ کا کہنا ہے کہ برطانوی خواتین میں سب سے زیادہ عام کینسر میں رحم کا کینسر چوتھے نمبر پر ہے، عموماًساٹھ سال سے زاید عمر کی خواتین میں اس کی شرح بہت زیادہ ہے۔


امپیریل کالج کے محققین نے سائنسی بنیادوں پر رحم کے کینسر سے متعلق اعداد و شمار جمع کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کی خوراک، جسمانی سرگرمیوں اور وزن کا بھی جائزہ لیا۔ تحقیق کے نتائج سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ اگرخواتین ہفتے میں پانچ دن 38 منٹ ورزش اور صحت مند وزن برقرار رکھیںتو ہر سال صرف برطانیہ میں رحم کے کینسر میں مبتلا ہونے والی خواتین کی تعداد میں پچاس فیصد تک کمی ہوسکتی ہے برطانیہ میں ہر سال تقریباً ساڑھے سات ہزار خواتین رحم کے کینسر میں مبتلا ہوتی ہیں۔ تحقیق سے یہ بات بھی ظاہر ہوئی کہ صرف 56 فیصد برطانوی خواتین جسمانی طور پر مستعد رہنے کے لیے روزانہ تیس منٹ ورزش کرتی ہیں اور صرف 39 فیصد کا وزن صحت مند ہے۔

امپیریل کالج کی اس تحقیق کے بارے میں ورلڈ کینسر ریسرچ فنڈ کی ایگزیکٹوڈائریکٹر کیرن سیڈلرکا کہنا ہے کہ '' کینسر سے بچاؤ کے لیے کافی کے استعمال سے متعلق حاصل ہونے والے حقائق بہت دلچسپ ہیں، کافی کینسر کے خطرے کو کم کر دیتی ہے تاہم اس تعلق کو زیادہ موثر ثابت کرنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ ہمیں کافی کے دوسری اقسام کے کینسر پر ممکنہ اثرات پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔''
Load Next Story