ملک کے مختلف شہروں میں وائبر کال سروس بند کردی گئی

اپنے اسمارٹ فون میں موجود وائبر ایپلیکشن سے کال کی سہولت استعمال نہیں کر پا رہے ہیں، ملک بھر سے شہریوں کی شکایت

سندھ حکومت نے اسکائپ، وائبر، واٹس ایپ اور ٹینگو پر وفاقی وزیر داخلہ سے 3 ماہ کے لیے پابندی لگانے کی سفارش کی ہے۔ فوٹو: فائل

ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ پر بات چیت کی مقبول ایپلیکش وائبر کو بند کردیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر گردش کرنے والی افواہوں کے بعد ایکسپریس ٹریبیون کی جانب سے اپنے فیس بک صفحے پر وائبر سروس استعمال کرنے والے لوگوں سے سروس کے حوالے سوال کیا گیا جس پر 200 سے زائد لوگوں نے تصدیق کی کہ وہ اپنے اسمارٹ فون میں موجود وائبر ایپلیکشن سے کال کی سہولت استعمال نہیں کر پا رہے ہیں۔ لاہور سے تعلق رکھنے والی آمنہ طارق نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ وہ جیسے ایپلیکشن پر "موصول کال" کے بٹن پر کلک کرتی ہیں تو ان کی کال منقطع ہو جاتی ہے۔ اسلام آباد سے کومل خالد کا کہنا ہے کہ وہ جب بھی وائبر سے کال کرنے کی کوشش کرتی ہیں تو ان کی کال ناکام ہو جاتی ہے۔


کراچی سے فاطمہ حیدر اور زاہد رحما ن نے بھی وائبر سروس کی بندش کی تصدیق کی تاہم ان کے مطابق "میسجز" کی سروس دستیاب ہے۔ ملتان، حیدرآباد، فیصل آباد، گجرانوالہ، بہاولپور اور راولپنڈی سے بھی لوگوں سے وائبر سروس بند ہونے کی تصدیق کی ہے۔ وائبر کی بندش کے حوالے جب پی ٹی اے کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کی جانب سے تاحال وائبر کی بندش کے احکامات جاری نہیں کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے کراچی میں شدت پسندوں اور جرائم پیشہ افراد کے مابین رابطے ختم کرنے کے لیے انٹرنیٹ پر بات چیت کی مقبول ایپلیکشنز اسکائپ، وائبر، واٹس ایپ اور ٹینگو پر وفاقی وزیر داخلہ سے 3 ماہ کے لیے پابندی لگانے کی سفارش کی ہے۔
Load Next Story