بھارتی عسکری قیادت کے پاک فوج پر دہشت گردی کے الزامات اشتعال انگیزہیں آرمی چیف

بھارتی فوج کو ایل او سی پر فائرنگ کے واقعات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرانےکی پاکستان کی تجاویز پرغورکرناچاہئے،آرمی چیف

بھارتی فوج کے الزامات سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے۔،جنرل اشفاق پرویز کیانی فوٹو: فائل

SAO PAULO:
آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ پاک فوج اور آئی ایس آئی پر بھارتی فوج کی جانب سے دہشت گردی کے الزامات بے بنیاد اور اشتعال انگیز ہیں۔


آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ پاک فوج برداشت کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور اس کے بر عکس بھارتی عسکری قیادت کی جانب سے پاک فوج پر دہشت گردی کے الزامات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، ایسے الزامات سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے اور بھارتی فوج کو ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہئے، جنرل اشفاق پرویزکیانی نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں پر ہمیں تشویش ہے اور بھارتی فوج کو پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے واقعات کی مشترکہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کی تجاویز پر غور کرنا چاہئے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارتی فوج کی قیادت کی جانب سے پاک فوج پر مقبوضہ کشمیر کے کرن سیکٹر میں در اندازی کے بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے تھے اور 2 روز قبل بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بکرام سنگھ نے بھی ایک پریس کانفرنس میں ان الزامات کو دہرایا جب کہ پاکستان نے سختی سے ان الزامات کی تردیدکرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قراردیا ہے، دوسری جانب بھارت خود لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلسل فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس میں اب تک کئی فوجی جوان شہید اور شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story