رائل لیک اسکواش عامر اطلس سیمی فائنل میں ہمت ہار گئے

ملائیشین حریف اونگ بینگ ہی نے زیر کرلیا، ٹرافی کیلیے آج نفزوان عدنان سے مقابلہ

عامر اطلس خان پہلے راؤنڈ میں ایدین ادریک کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے ہرانے میں سرخرو ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

KARACHI:
ایشین اسکواش چیمپئن عامر اطلس خان پی ایس اے رائل لیک کلب ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں ہمت ہار گئے، انھیں ملائیشین حریف اونگ بینگ ہی نے3-0 سے مات دے کر ٹائٹل مقابلے میں رسائی حاصل کرلی۔

پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشین ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ایشین چیمپئن اور پاکستان نمبر ون کا مقابلہ ورلڈ نمبر23پلیئر سے تھا، میچ میں بینگ ہی نے ہوم کورٹ اور کرائوڈ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ورلڈ نمبر70 عامر اطلس کو مکمل طور پر بے بس کر دیا، پہلا گیم11-6 سے میزبان کھلاڑی کے نام رہا، دوسرے میں عامر نے میچ میں واپسی کیلیے سخت محنت کی مگر اس بار بھی 11-8 سے ہار گئے۔ تیسرے گیم میں ایک مرتبہ پھر بینگ ہی چھائے رہے اور11-6 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں قدم رکھ دیا،ان کا سامنا ہفتے کو ہم وطن محمد نفزوان عدنان سے ہوگا جو سیمی فائنل میں ایون یون کو 3-1 سے زیر کرنے کے بعد فیصلہ کن معرکے تک پہنچے۔




یاد رہے کہ ایونٹ میں پاکستان کے تین کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا، عامر اطلس خان پہلے رائونڈ میں ایدین ادریک کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے ہرانے میں سرخرو ہوئے،کوارٹر فائنل میں انھوں نے نیوزی لینڈ کے پائول کول کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دی مگر سیمی فائنل میں ناکامی کا شکار ہوگئے۔ دوسرے پاکستانی کھلاڑی طیب اسلم کوارٹر فائنل میں ایون یون سے شکست کھا کر باہر ہوگئے تھے، خواجہ عادل مقبول کو پہلے ہی رائونڈ میں ہم وطن طیب اسلم کے ہاتھوں شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا تھا۔
Load Next Story