نیپرا نے حکومتی فارمولا منظور کر لیا بجلی18روپے فی یونٹ تک مہنگی

50 یونٹ تک قیمت 2 روپے، 100 تک 5.79،200 یونٹ تک 8.11، 300 تک 12.09، 700 تک 16 اور 700 سے زائد پر18 روپے فی یونٹ ہونگے

بجلی نہ استعمال کرنے کی صورت میں بھی صارفین کو 75 روپے بل ادا کرنا ہوگا فوٹو: فائل

نیپرا نے بجلی کی قیمتوں سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر واپس لیا گیا حکومتی نوٹیفکیشن بحال کر دیا۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں کا تعین قانون کے مطابق کرنے کا کہا تھا، وزارت پانی و بجلی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹفیکیشن جاری کردیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعے کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 50 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کیلیے بجلی کی فی یونٹ قیمت 2 روپے فی یونٹ، جبکہ 51 سے 100 یونٹ تک بجلی کی قیمت 5 روپے 79 پیسے اور 101 سے 200 یونٹ تک بجلی کی قیمت 8 روپے 11 پیسے یونٹ ہو گی۔ 201 سے 300 یونٹ تک کے بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلیے 12 روپے 9 پیسے فی یونٹ ٹیرف مقرر کیا گیا ہے۔




جبکہ 301 سے 700 یونٹ تک بجلی کی قیمت 16 روپے اور 700 سے زائد یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 18 روپے فی یونٹ ادا کرنا ہوں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی نہ استعمال کرنے کی صورت میں بھی صارفین کو 75 روپے بل ادا کرنا ہوگا۔ قبل ازیں نیپرا نے اعدادوشمار کے ہیرپھیر کے بعد سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بجلی کی قیمتوں کا وہی فارمولا پیش کیا جس کا اطلاق وفاقی حکومت نے یکم اکتوبر سے کیا تھا، تاہم سپریم کورٹ نے اسے معطل کرتے ہوئے معاملہ نیپرا کو بھجواتے ہوئے قیمتوں پر نظرثانی کا حکم دیا تھا۔ قبل ازیں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کے اجلاس میں چیئرمین نیپرا خواجہ نعیم نے بتایا کہ نیپرا نے حکومت کی درخواست پر ورکنگ مکمل کر لی ہے، قیمتیں وہی رکھی گئی ہیں جس کا حکومت نے فیصلہ کیا تھا۔
Load Next Story