لاکھوں فرزندان اسلام کل منیٰ کے لیے روانہ ہوں گے

رواں سال ایک لاکھ43 ہزار3سو68 پاکستانی عازمین فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے کیلیے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں

سورج غروب ہونے کے ساتھ ہی حاجیوں کے لیے فوری طورپر میدان عرفات چھوڑنے کاحکم ہے ۔فوٹو: فائل

فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے دنیابھر سے حجازمقدس پہنچنے والے لاکھوں فرزندان اسلام کل(اتوار8ذوالحج کو) مناسک حج کی ادائیگی کے لیے منیٰ روانہ ہوں گے۔

رواں سال ایک لاکھ43 ہزار3سو68 پاکستانی عازمین فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے کیلیے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ 8ذوالحج کو دنیابھر سے لاکھوں فرزندان اسلام مناسک حج کی ادائیگی کے لیے منیٰ پہنچیں گے جہاں سے9ذوالحج(پیرکو) حج کے رکن اعظم وقوف عرفات کے لیے میدان عرفات پہنچ کرفریضہ حج ادا کریں گے۔ نمازعصر اورمغرب کے درمیان وقوف عرفات ہوگا۔ سورج غروب ہونے کے ساتھ ہی حاجیوں کے لیے فوری طورپر میدان عرفات چھوڑنے کاحکم ہے۔ اس کے بعدحجاج مزدلفہ کے لیے روانہ ہوںگے۔ مزدلفہ پہنچنے کے بعد حاجی سب سے پہلے نمازمغرب اورنماز عشااکٹھی ادا کریںگے اورکنکریاں چننے کے بعدرات کھلے آسمان کے نیچے مزدلفہ میں قیام کریں گے۔


10ذوالحج کو نمازفجر کی ادائیگی کے بعدحاجی منیٰ واپس پہنچیں گے جہاں پہلے دن بڑے شیطان کوکنکریاں مارکر قربانی کریںگے اوررمی کے بعدبال منڈواکر احرام کھول دیں گے۔11ذوالحج کوبھی حاجی شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے اوراس دن بھی رات کاایک خاص پہرمنیٰ میں قیام کرنے کاحکم ہے۔12ذوالحج کوآخری دن شیطان کوکنکریاں مارنے کے بعدحاجیوں کی مکہ کے لیے واپسی شروع ہوجائے گی۔12 ذوالحج کومغرب سے پہلے پہلے تمام حاجیوں کے لیے لازم ہے کہ وہ مکہ مکرمہ مسجدالحرام پہنچ کرطواف زیارت کریں۔ اس کے ساتھ ہی مناسک حج مکمل ہوجائیں گے۔ دریںاثنا سعوی عرب کے فرماں روا اورخادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیزنے رواں موسم حج میںولی عہدشہزادہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعودکو قائم مقام امیرحج مقرر کردیا۔

عرب میڈیاکی رپورٹ کے مطابق قائم مقام امیر حج مقررہونے کے بعداب حجاج کے آرام وراحت اوران کی تمام ضروریات کی نگرانی، حج کمیشن کے سربراہ اجلاسوں میںشرکت اورحج پرآئے مختلف مسلم ممالک کی مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقاتوں کا اختیاربھی ولی عہدکو سونپاگیا ہے۔ ادھر مکہ مکرمہ میں باران رحمت کے بعدموسم خوشگوارہوگیا۔ سعودی محکمہ موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی کے مطابق مزدلفہ، منٰی، عرفات اورقریبی علاقوں میں جمعرات کی شام تیزہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں7ڈگری سینٹی گریڈکمی ہوگئی۔ محکمہ شہری دفاع کے سربراہ کے مطابق تیز ہوائوںسے وادی منٰی اورمیدان عرفات میں عازمین حج کے لیے نصب خیمے گرگئے جس کے نتیجے میں 7عازمین معمولی زخمی ہوئے۔
Load Next Story