آصف زرداری کے سوئس بینکوں میں موجود کروڑوں ڈالر واپس لانے کیلئے درخواست دائر

کرپشن کیسز کھولنے کیلئے سوئس عدالت کو خط نہ لکھنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے، درخواست گزار کا موقف

سابق صدر آصف علی زرادری نے نے کرپشن کرکے قومی خزانے کو لوٹا ، درخواست گزار کا موقف فوٹو: فائل

سابق صدر آصف زرداری کےسوئس بینکوں میں موجود مبینہ 6 کروڑ ڈالر وطن واپس لانے کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔


سپریم کورٹ کی کراچی رجسٹری میں درخواست گزار کی جانب سے وزیر اعظم اور وفاقی وزیر قانون کو فریق بناتے ہوئے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سابق صدر آصف زرادری نے نے قومی خزانے کو لوٹا ہے اور کرپشن کے ذریعے حاصل کئے گئے 6 کروڑ ڈالر آج بھی سوئس بینک میں موجود ہیں لیکن اس رقم کی واپسی کے لئے مناسب کارروائی نہیں کی گئی، درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ یہ رقم وطن واپس لانے کے لئے اقدامات کا حکم دے اور اس سلسلے میں سوئس عدالت کو خط نہ لکھنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرے۔

واضح رہے کہ اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کے حکم پر وزارت قانون کی وساطت سے سوئس عدالت کو کرپشن کے کیسز دوبارہ کھولنے کے لئے خط لکھا تھا تاہم سوئس حکام نے زائد الوقت ہونے کے باعث ان کیسز کو دوبارہ کھولنے سے انکار کردیا ہے۔
Load Next Story