مریم نواز کی نواز شریف سے ملاقات کی درخواست مسترد

مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع

مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع فوٹو:فائل

عدالت نے مریم نواز کی والد نواز شریف سے ملاقات کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کردی۔

احتساب عدالت لاہور نے مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس شریف کے خلاف چودھری ملز اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی تو دونوں ملزمان کو 14روز کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔

نیب تفتیشی افسر نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اثاثے ان کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے، مزید تفتیش کرنی ہے۔

عدالت نے مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ مریم نواز نے عدالت سے جیل جاتے ہوئے اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کی درخواست کی لیکن عدالت نے مریم نواز کی درخواست مسترد کردی۔


یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کے خون میں پلیٹلیٹس مزید گھٹ گئے، علاج جاری

مریم نواز نے کمرہ عدالت سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے عدالت سے جیل واپسی پر والد سے ایک گھنٹے کی ملاقات کی استدعا کی، تاکہ میں میاں صاحب کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکوں لیکن جج صاحب نے اجازت نہیں دی۔ اپنی صحت سے متعلق سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ الحمد اللہ میں بالکل ٹھیک ہوں۔

واضح رہے کہ نیب ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو طبیعت بگڑنے پر اڈیالہ جیل سے لاہور کے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان کے خون کے پلیٹ لیٹس میں شدید کمی ہوگئی ہے۔

Load Next Story