پی ایس ایلپروجیکٹ ڈائریکٹرکا تاحال تقررنہیں ہوسکا

پانچویں ایڈیشن میں صرف چار ماہ باقی،اہم پوسٹ بدستور خالی، بورڈ خاموش

فرنچائززکومسائل پی سی بی حکام تک پہنچانے میں مسائل کا سامنا،ذرائع . فوٹو: فائل

پی سی بی کو تاحال پی ایس ایل کا پروجیکٹ ڈائریکٹر نہیں مل سکا،پانچویں ایڈیشن میں صرف چار ماہ باقی اور یہ پوسٹ بدستور خالی ہے، فرنچائزز کو اس وجہ سے اپنے مسائل بورڈ تک پہنچانے میں مسائل کا سامنا ہے۔

گزشتہ برس اکتوبر میں ہی نائلہ بھٹی مستعفی ہوئی تھیں،اب ایک برس گذرنے کے باوجود پی سی بی پی ایس ایل کیلیے کسی مستقل نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا تقرر نہیں کر سکا، پانچویں ایڈیشن میں صرف چار ماہ باقی رہ گئے اور تاحال اس حوالے سے خاموشی چھائی ہوئی ہے، نائلہ سابق چیئرمین نجم سیٹھی کی خاصی قریبی ساتھی تھیں۔

انھوں نے ان کو ڈائریکٹر مارکیٹنگ کے ساتھ پی ایس ایل کی بھی اہم ترین ذمہ داری سونپی تھی، سیٹھی کے عہدہ چھوڑنے پرنائلہ نے بھی پی سی بی سے راہیں جدا کر لی تھیں، رواں برس کے ایڈیشن میں لیگ کا کوئی باضابطہ سربراہ نہیں تھا، تمام شعبوں نے اپنی اپنی ذمہ داریاں خود سنبھالیں، سینئر جنرل منیجر مارکیٹنگ صہیب شیخ معاملات دیکھ رہے تھے مگر اپریل میں وہ بھی مستعفی ہو گئے۔


رواں برس مئی میں بورڈ نے ڈائریکٹر کمرشل بابر حمید کا تقرر کیا مگر پی ایس ایل کے معاملات وہ بھی نہیں سنبھال پا رہے، اب آئندہ برس فروری میں لیگ کا انعقاد ہونا ہے اور تمام 34 میچز پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے، یہ بیحد چیلنجنگ کام ہے مگر تاحال بورڈ حکام اسے زیادہ سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر نہ ہونے سے سب سے زیادہ نقصان فرنچائزز کو ہی ہو رہا ہے، انھیں اپنی بات بورڈ تک پہنچانے میں مسائل کا سامنا رہتا ہے، ہر کام کیلیے چیئرمین احسان مانی سے رابطے کو وہ درست نہیں سمجھتیں جبکہ سی ای او وسیم خان نے دانستہ خود کو لیگ کے معاملات سے دور رکھا ہوا ہے، ان دنوں ریونیو شیئرنگ سمیت پی ایس ایل کو کئی تنازعات کا سامنا ہے۔

اگلا ایڈیشن سر پر آ چکا مگر تاحال پی ایس ایل فور کے اکاؤنٹس بھی فائنل نہیں ہو سکے، ذرائع نے بتایا کہ بورڈ کے پاس 2 آپشنز ہیں،وہ اشتہار دے کر نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا تقرر کرے گا یا پھر اپنے ہی کسی سینئر آفیشل کو یہ کام سونپ دیا جائے گا۔
Load Next Story