دوسرا ون ڈے سعید بدستور کینگروزکیلیے وبالِ جان 4 وکٹیں لے اُڑے

فاسٹ بولر جنید خان نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،آخری دو گیندوں پر بھی کامیابیاں سمیٹیں

دوسرا ون ڈے : پاکستانی اسپنر سعید اجمل ،وارنر کیخلاف ایل بی ڈبلیو کی کامیاب اپیل کررہے ہیں، دوسری تصویر میں مائیک ہسی کا جارحانہ شاٹ (فوٹو : اے ایف پی / ایکسپریس )

ISLAMABAD:
پاکستان کیخلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا نے 9 وکٹ پر 248 رنز اسکور کر لیے، مائیک ہسی نے 61 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جارج بیلی نے39 اور مائیکل کلارک نے37 رنز بنائے،انھوں نے بطور کپتان2ہزار رنز مکمل کرنے کا سنگ میل بھی عبور کر لیا، سعید اجمل کینگروز کیلیے بدستور وبال جان بنے رہے، وہ32 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے اُڑے، جنید خان نے تین وکٹوں کیلیے52 رنز دیے۔پاکستان کی ناقص فیلڈنگ کا سلسلہ برقرار رہا، دو کیچز ڈراپ کرنے کے ساتھ اور رن آئوٹ کے کئی مواقع ضائع کیے،

تفصیلات کے مطابق شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظبی میںآسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر اپنے بیٹسمینوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا، سہیل تنویر کے ساتھ جنید خان نے بولنگ کا آغاز کیا، دوسرے ہی اوور میں پوائنٹ پر موجود عمراکمل نے میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ کر دیا، جنید نے اس کا اثر نہ لیتے ہوئے اگلی بال پر انھیں بولڈ کر دیا، ویڈ (7) نے آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیند پر اسٹروک کھیلتے ہوئے ان سائیڈ ایج پر وکٹ گنوائی، یوں کینگروز 8 رن پر اوپنر سے محروم ہو گئے، نئے بیٹسمین مائیکل کلارک کے خلاف جنید نے ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل کی،


حق میں فیصلہ نہ آنے کے باوجود گرین شرٹس نے ریویو سے اجتناب برتا، ری پلیز سے اندازہ ہوا کہ انھوں نے ٹھیک کیاکیونکہ گیند وکٹوں سے باہر جا رہی تھی، ڈیوڈ وارنر خاصی جدوجہد کرتے رہے، انھوں نے پہلا رن19 ویں گیند پر بنایا، اس سے قبل کبھی ایسا نہ ہوا کہ 7 اوورز تک کریز پر قیام کے باوجود وہ کھاتہ نہ کھول پائے ہوں، کلارک پُراعتماد نظر آئے، انھوں نے اوپنر کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں66 رنز جوڑے،وارنر (24) کو سعید اجمل نے ایل بی ڈبلیو کیا ، وہ ریویو چاہتے تھے مگر دوسرے اینڈ پر موجود کپتان کلارک نے اجازت نہ دی،البتہ کچھ دیر بعد جب کلارک کو اسی انداز میں حفیظ کی گیند پر آئوٹ قرار دیا گیا تو وہ خود کو ریفرل سے نہ روک پائے، یہ بات اور ہے کہ تھرڈ امپائر نے بھی فیلڈ آفیشل کا فیصلہ برقرار رکھا ، آسٹریلوی کپتان نے 37 رنز اسکور کیے،

مہمان ٹیم ابھی اس صدمے سے باہر نہیں نکل پائی تھی کہ اسپنر نے ڈیوڈ ہسی کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کر دیا، یوں کینگروز87 رنز پر 4 وکٹوں سے محروم ہو گئے، ایسے میں پاکستان کے پاس حریف کو جلد آئوٹ کرنے کا سنہری موقع موجود تھا جس سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا، مائیک ہسی اور جارج بیلی نے عمدگی سے کھیلتے ہوئے66 رنز کی شراکت قائم کر دی، بیلی نے عبدالرحمان کو ریٹرن کیچ تھمانے سے قبل 39 رنز بنائے،40 ویں اوور میں گلین میکسویل نے عبدالرحمان کو مسلسل دو چھکے رسید کیے،21 کے انفرادی اسکور پر انھیں چانس بھی ملا جب سعیدکی گیند پر اسد شفیق آسان کیچ نہ تھام پائے،اسی اوور میں سنگل سے مائیک ہسی نے کیریئر کی 38 ویں جبکہ پاکستان کیخلاف تیسری نصف سنچری مکمل کی،

وہ سعید اجمل کی گیند مڈ وکٹ بائونڈری کے پار پہنچانے کی کوشش میں وکٹیں محفوظ نہ رکھ پائے،ہسی نے 72 گیندوں پر2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 61 رنز اسکور کیے،میکسویل (28) کو کامران نے سعید کی گیند پر اسٹمپڈ کیا،49 ویں اوور کی آخری دو بالز پر جنید نے مسلسل وکٹیں حاصل کیں، کرسٹیان (18) کا ناصر جمشید نے عمدہ کیچ تھاما جبکہ مچل جانسن (2) بولڈ ہو گئے، سہیل تنویر کی اختتامی دونوں گیندوں کو اسٹارک نے بائونڈری کی سیر کرائی، وہ11 اور جیمز پیٹنسن 2 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، کینگروز نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 248 رنز بنائے، سعید اجمل نے 4 وکٹوں کیلیے 32 رنز دیے، جنید خان نے 52 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
Load Next Story