وائس چانسلرز کا اجلاس ترمیمی بل کیلیے تجاویز وزیر اعلیٰ کو ارسال کرنے کا فیصلہ

ہائر ایجوکیشن کمیٹی میں وائس چانسلرز کو بھی نمائندگی دینے کا مطالبہ،حکومت سے رابطے کیلیے اکیڈمک کمیٹی تشکیل

کمیٹی کے اراکین وزیر اعلیٰ سے ملاقات کر کے سندھ یونیورسٹیز ترمیمی بل کے حوالے سے اپنی تجاویز سے آگاہ کریں گے. فوٹو: فائل

سندھ کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز نے سندھ یونیورسٹیز ترمیمی بل 2013 کے لیے تجاویز تیار کرکے وزیر اعلیٰ سندھ اور سینئر صوبائی وزیر کو ارسال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یہ فیصلہ سندھ بھر کی جامعات کے وائس چانسلرز ایسوسی ایشنز کی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جو جامعہ سندھ کے وائس چانسلر ڈاکٹر نذیر اے مغل کی زیر صدارت وی سی ہائوس سندھ یونیورسٹی جامشورو میں منعقد ہوا، سندھ یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر، شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کے وی سی پروفیسر ڈاکٹر رشید اے شاہ، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت، وی سی سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام ڈاکٹر آر بی میربحر، قائد عوام انجینئرنگ یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر علی بخش سومرو، شہید بے نظیر آباد یونیورسٹی کے وی سی ارشد سلیم، وی سی شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی آف وٹرنری سائنسز سکرنڈ، پروفیسر جئے مل دھانانی نے شرکت کی۔




ڈاکٹر نذیر اے مغل کا کہنا تھا کہ سینیئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے سندھ یونیورسٹیز ترمیمی بل 2013 کے حوالے سے اعتراضات یا تجاویز جمع کر کے انھیں ارسال کرنے کا کہا تھا۔ ترمیمی بل میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کی عمر کی حد، پرو وائس چانسلرز کی تقرری، وائس چانسلر کے طور پر مسلسل 2 ٹرم تقرری کے لیے جواز کی تیاری اور وائس چانسلرز ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن کے حوالے سے امور زیر بحث آئے، اجلاس میں سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز نے متفقہ طور پر تجاویز منظور کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ کمیٹی کے اراکین وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کر کے سندھ یونیورسٹیز ترمیمی بل کے حوالے سے اپنی تجاویز سے آگاہ کریں گے۔

کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت بنائی جانے والی ہائر ایجوکیشن کمیٹی میں وائس چانسلرز کو بھی نمائندگی دی جائے۔ اجلاس میں وائس چانسلرز کی ایک اکیڈمک کمیٹی تشکیل دی گئی، جو یونیورسٹیز کے حوالے سے حکومت سندھ سے رابطے میں رہے گی، سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نذیر اے مغل کو کمیٹی کا چیئرمین جبکہ ڈاکٹر قیصر وائس چیئرمین، ڈاکٹر علی بخش سومرو کو سیکریٹری جنرل اور ارشد سلیم کو کمیٹی کا خزانچی منتخب کرلیا گیا۔ اس موقع پر وی سیز ایسوسی ایشن نے پروفیسر رشید اے شاہ، پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت، ڈاکٹر جئے مل دھانانی اور آر بی میر بحر پر مشتمل ایک ایگزیکٹیو کمیٹی بھی تشکیل دی۔
Load Next Story