آصف زرداری کو بھی نوازشریف جیسا مرض لاحق ہونے کا خدشہ

حکومت کا آصف زرداری کا بھی ماہرِ امراضِ خون سے معائنہ کروانے پر غور

حکومت کا آصف زرداری کا بھی ماہرِ امراضِ خون سے معائنہ کروانے پر غور

مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کے بعد آصف زرداری کو بھی آئی ٹی پی کا مرض لاحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

سابق صدر آصف زرداری کو بھی سابق وزیراعظم نوازشریف کی طرح آئی ٹی پی کا مرض لاحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے حکومت آصف زرداری کو بھی ماہرِ امراضِ خون سے معائنہ کروانے پر غور کررہی ہے۔


پمزاسپتال کے کارڈیک وارڈ میں زیرعلاج آصف زرداری کی ٹیسٹ رپورٹ میں پلیٹلیٹس 90 ہزار کم ہو گئے ہیں اور ان کی کمراور گردن کی تکلیف بھی سنگین ہوتی جارہی ہے، اس کے علاوہ آصف زرداری کی ریڑھ کی ہڈی کے مہروں (اسپائنل کارڈ) میں خلا پیدا ہوگیا ہے جس کی وجہ سے انھیں چلنے پھرنے میں بھی تکلیف کا سامنا ہے اور اسپائنل کارڈکا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق سابق صدر جسمانی طور پر بہت کمزور ہوچکے ہیں، ان کو مثانے میں تکلیف کا سامنا ہے، ان کے پروسٹیٹ بڑھنے لگے ہیں جس پر میڈیکل بورڈ نے معائنہ کیلئے یورالوجسٹ کو طلب کرلیا ہے۔

واضح رہے ڈاکٹرز نے آصف زرداری کی تکالیف کے باعث انہیں نیند کی گولیاں دینا شروع کرادی ہیں، خون میں پلیٹ لیٹس کی کمی کی وجہ سے آئی ٹی پی بیماری لاحق ہوتی ہے اور پلیٹلیٹس میں کمی زیر استعمال ادویات کا ردعمل ہو سکتی ہے۔
Load Next Story