یمن فریقین میں شراکت اقتدار کے معاہدے کی اطلاعات

یمن کے صدر عبدالمنصور ہادی اور ایس ٹی سی لیڈر الزبیدی دستخطوں کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

یمن کے صدر عبدالمنصور ہادی اور ایس ٹی سی لیڈر الزبیدی دستخطوں کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ فوٹو:فائل

میڈیا کی اطلاع کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں کے ساتھ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت نے اقتدار میں شراکت کی ڈیل کر لی ہے تاکہ سالہا سال طویل خانہ جنگی کے ختم ہونے کا امکان پیدا ہو جائے۔

اطلاعات کے مطابق یمن کے جنوبی علاقے میں علیحدگی پسندوں کی عارضی کونسل (ایس ٹی سی) کو بہت سی وزارتوں کی پیشکش کردی گئی ہے اور حکومت جنوبی شہر عدن میں واپس آ گئی ہے۔ یہ انکشاف ایک عرب ملک کے میڈیا کی رپورٹوں کے ذریعے کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی بیلٹ کی فورسز نے جن میں ایس ٹی سی کا غلبہ ہے، اگست میں عدن کا کنٹرول سنبھال لیا تھا جب کہ حکومت کو 2014میں حوثی باغیوں کے حملے کے بعد دارالحکومت صنعا سے بے دخل ہونا پڑا تھا۔ جنگجو اور حکومتی فورسز جو سالہا سال تک باہمی طور پر برسرپیکار ہیں اب یہ خطرہ پیدا ہو چکا تھا کہ کہیں ملک بالکل ہی نہ ٹوٹ جائے۔ حالیہ عرصے میں جنگجو دھڑے سعودی بادشاہت کے مغربی شہر جدہ میں باہمی مذاکرات کر رہے ہیں۔


ایس ٹی سی حکام نے ریاض میں بتایا ہے کہ معاہدہ کا مسودہ مکمل ہو چکا ہے جس پر چند روز تک دستخط کر دیے جائیں گے۔ یمن کے صدر عبدالمنصور ہادی اور ایس ٹی سی لیڈر الزبیدی دستخطوں کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

یہ توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ صلح کے معاہدے پر منگل کو دستخط ہو جائیں گے۔ اس مبینہ معاہدے یا ڈیل کے حوالے سے جو اطلاعات سامنے آئی ہیں، ان میں کہا گیا ہے کہ 24 وزراء پر مشتمل حکومت بنائی جائے گی جس کو یمن کے جنوبی اور شمالی علاقے میں برابر برابر تقسیم کردیا جائے گا۔ یمنی وزیر اعظم عدن میں لوٹ جائیں گے تا کہ ریاستی اداروں کو دوبارہ فعال اور متحرک کیا جا سکے۔

دریں اثناء یورپی مبصرین نے اس سمجھوتے کو بلاشبہ بہت اہم قرار دیا ہے لیکن اس خدشہ کا امکان بہر طور موجود ہے کہیں کوئی گڑبڑ نہ ہوجائے۔ دریں اثناء اقوام متحدہ کے خصوصی نمایندے مارگن گریفتھ کے سعودی عرب کی طرف سے امن معاہدہ کرانے کی کوششوں کو سراہا ہے۔

بہرحال اگر یمن کے متحارب گروپ کسی ڈیل پر پہنچ گئے ہیں تو یہ ایک اچھی خبر ہے۔اس خطے کے تمام ممالک کو یمن میں بحالی امن کی کوششوں کو تقویت پہنچانی چاہیے تاکہ عرب دنیا کا یہ مسلم ملک امن کا گہوارہ بن سکے۔
Load Next Story