طلبہ ملک کو بحران سے نکالنے کیلیے کردار ادا کریں الطاف حسین

سازشی ٹولہ عوام اور حساس اداروں میں نفرتیں پیدا کرنے کی سازشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔قائد ایم کیوایم

ہم طے نہیں کرپارہے طالبان سے معاملات بات چیت سے حل کریں یاجنگ کے ذریعے۔ فوٹو: فائل

لندن اورگردونواح کے مختلف علاقوں کے طلبہ وطالبات نے آج شام انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے طویل ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران الطاف حسین نے مختلف فکری موضوعات اورنظریاتی فکروفلسفہ پر طلبہ وطالبات کولیکچردیا۔ الطا ف حسین نے طلبہ وطالبات سے گفتگومیں قیام پاکستان کی تاریخ پربھی تفصیلی روشنی ڈالی، انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک طویل جدوجہد اورناقابل فراموش قربانیوں کے نتیجے میں وجودمیں آیا لیکن بدقسمتی سے اتنی قربانیوںکے بعد حاصل کیے جانے والے وطن پر ایک سازشی ٹولے نے آزادی کے فوری بعدقبضہ کرلیا، یہ بیش بہاقربانیاں ایک خوشحال ، آزاد، خودمختاراورترقی یافتہ پاکستان کے حصول کیلیے دی گئی تھیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان بننے کے فوری بعد ایک مفادپرست سازشی ٹولے نے پاکستان کے اصل ،بیباک، مخلص اور باکردار خالقوں کوایک ایک کرکے راستے سے ہٹادیا۔




لسانی و علاقائی عصبیت کوفروغ دیا، فرقہ واریت ،مذہبی اورمسلکی منافرت کوبھڑکاکرپاکستانیوںکوکافرومسلمان قراردینے کے اختیارات حاصل کرلیے، اسی ٹولے نے ایک منظم سازش کے تحت ملک کے مقتدر اور حساس اداروں اورمحب وطن عوام کے درمیان نفرتیں اورفاصلے پیدا کرنے کی گھناؤنی سازشیں بھی کیں جو آج تک جاری ہیں ۔ الطا ف حسین نے وفدمیں شامل طلبہ طالبات سے اپیل کی کہ وہ وزیراعظم میاں نوازشریف کو خطوط تحریرکرکے مختصرالفاظ میں موجودہ گھمبیر حالات سے نجات کے حل کی تجاویزپیش کریں، انھوں نے پاکستان بھر کے طلبہ وطالبات سے کہا کہ وہ پاکستان کو درپیش چیلنجوں سے نکالنے اوردنیابھرمیں پاکستان کے امیج کوبہتربنانے کیلیے اپناکردار ادا کریں ۔
Load Next Story